شدید دھند کے باعث موٹرے وے پر گاڑیاں ٹکرا گئیں، 3 جاں بحق

شدید دھند کے باعث موٹرے وے پر گاڑیاں ٹکرا گئیں، 3 جاں بحق
لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے بابو صابو کے قريب موٹروے پر شدید دھند کے باعث گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے 2 خواتین سمیت تین مسافر جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 حکام کے مطابق حادثہ بابو صابو اور ٹھوکر نياز بيگ کے درميان موٹر وے پر پيش آيا۔ شدید دھند کے باعث 3 گاڑياں آپس ميں ٹکرا گئيں۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑیوں میں پھنسے ہوئے مسافروں کو کٹننگ ٹولز کی مدد سے نکالا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے بیشتر علاقے ان دنوں شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ گذشتہ ماہ 30 نومبر کو بھی کالا شاہ کاکو کے قریب درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے 20 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے تھے۔ موٹروے پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایم تھری لاہور تا عبدالحکیم موٹروے، فیض پور انٹرچینج (کلومیٹر 1147) سے سمندری انٹرچینج (کلومیٹر 1016) دھند کی وجہ سے بند ہے۔ مسافر گاڑیاں چلانے میں احتیاط کریں۔ اس کے علاوہ شدید دھند کے باعث ایم ٹو، ٹھوکر نیاز بیگ (00 کلومیٹر) سے بڑی گاڑیوں کا موٹر وے پر داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ایم ٹو، بابو صابو سے ٹھوکر نیاز بیگ کی طرف جانے والی ٹریفک کے لئے موٹروے بند ہے۔

Watch Live Public News