ویب ڈیسک:لاہورپولیس کی جانب سے پی ٹی ائی کارکنان کی گرفتاریاں شروع ہو گئی ہیں، سینیٹر عون عباس نے زرتاج گل کو گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی ہے، پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ سمیت 20 کارکنوں کوگرفتار کرلیا جبکہ تحریک انتشار کے انتشاری ٹولے نے پولیس اہلکار کو بری طرح زخمی کردیا۔
تفصیلات کےمطابق لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران گرفتاریاں جاری ہیں ایسے میں مینار پاکستان پرآزادی فلائی اوور سے پولیس نے رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید اورانکی ساتھی کارکنوں سمیت 20 افراد کوگرفتار کرکے تھانےمنتقل کردیا ہے، زرتاج گل کو بھی ان کے گھر سےگرفتار کیا گیا۔
لاہور میں ایوان عدل کے باہر سے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے 6 سے زائد وکلا کو پولیس نے گرفتار کرلیا، پی ایم جی چوک پر احتجاج اور پتھراؤ سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا، کانسٹیبل بلال کو سر اور آنکھ کے قریب گہرے زخم آئے ہیں۔
کانسٹیبل کے زخمی ہونے پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے زخمی اہلکار کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈی آئی جی آپریشز کہتے ہیں کہ احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کرنے والا گروہ پولیس اہلکاروں کو براہ راست نشانہ بنا رہا ہے۔ پولیس ہر قسم کی صورت حال سے نبرد آزما ہونے کے لیے مکمل تیار ہے، انتشار پھیلانے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔