ویب ڈیسک: وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت لیپ ٹاپ سکیم کے اجراء کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر تعلیم نے لیپ ٹاپ سکیم کے آغاز کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔
رانا سکندر حیات کی آئندہ 30 دنوں میں لیپ ٹاپ سکیم کے اجراء کی ہدایت کردی۔ وزیر تعلیم نے لیپ ٹاپ کی خریداری، کوالٹی ایشورنس اور انسپکشن کیلئے کمیٹی بنا دی۔ وزیر تعلیم کی تشکیل کردہ کمیٹی آئی ٹی یو، پی آئی ٹی بی کے افسران پر مشتمل ہے۔
وزیرتعلیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیپ ٹاپ کی باڈی اچھی کوالٹی ترجیحاً سٹیل کی ہونی چاہئے۔ لیپ ٹاپ کا بیگ بہتر کوالٹی کا بنوایا جائے۔ لیپ ٹاپ کی تقسیم کار کے حوالے سے موثر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ تعلیمی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کو جدید ترین لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں۔ وزیر اعلیِ کی ہدایت پر اقلیتی طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ سکیم میں خصوصاً شامل کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 90 دنوں میں ٹوٹل 40 ہزار لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔
رانا سکندرحیات نے کہا کہ ایک ماہ میں 5 ہزار، دوسرے مرحلے میں تین ماہ کے دوران 35 ہزار لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ لیپ ٹاپ کی فراہمی کا سلسلہ بتدریج بڑھایا جائے گا۔ میٹرک اور ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈر طلباء کو بھی لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔