ویب ڈیسک: اسرائیل کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں لاپتہ ہونے والے ایک ربی کو قتل کر دیا گیا ہے، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے ان کے قاتلوں کو پکڑنے اور انتقام لینے کا وعدہ کیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ قدامت پسند یہودی تنظیم حباد سے تعلق رکھنے والے زوی کوگان جمعرات سے لاپتہ تھے جس پر اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد اور متحدہ عرب امارات کے حکام کی تحقیقات جاری تھیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق اتوار کو کوگان کی لاش ملی ہے۔ ان کی کار ان کے گھر سے آدھے گھنٹے کی مصافت پر موجود تھی،حباد ایک مذہبی تنظیم ہے جو یہودیوں کے مختلف فرقوں اور سیکولر یہودیوں کے بیچ تعاون پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
اس کی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں حباد کی شاخ ہزاروں یہودی سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لیے کام کرتی ہے۔
حباد کے مطابق 28 سالہ ربی کوگان متحدہ عرب امارات میں یہودیوں کی فلاح و بہبود کے لیے تنظیم کے دیگر سفیروں کے ساتھ کام کرتے تھے۔ وہ دبئی میں ایک کوشر مارکیٹ بھی چلاتے تھے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کے دفتر اور اسرائیلی صدر نے زوی کوگان کے قتل کو ’یہود مخالف دہشتگردی کا واقعہ‘ قرار دیا ہے۔
نتن یاہو کے دفتر کا کہنا ہے کہ ’ اسرائیلی ریاست اپنی تمام تر صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔‘