یوٹیوب پر دوسرے نمبر آگیا ہوں، چاہت فتح علی خان کا دعویٰ

یوٹیوب پر دوسرے نمبر آگیا ہوں، چاہت فتح علی خان کا دعویٰ

ویب ڈیسک: معروف بے سرے گلوکار چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کی جانب سے بذریعہ ای میل بتایا گیا ہے کہ وہ رواں برس یوٹیوب پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے دوسرے گلوکار رہے۔

چاہت فتح علی خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے بتایا کہ انہوں نے یوٹیوب پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے گلوکاروں میں رواں برس مرحوم استاد نصرت فتح علی خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

 انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ انہیں یوٹیوب کی جانب سے ایک ای میل کی گئی، جس میں انہیں مبارک باد پیش کی گئی تھی۔

ان کے مطابق انہیں ای میل پر بتایا گیا کہ وہ دنیا بھر میں یوٹیوب پر رواں برس سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے گلوکاروں میں دوسرے نمبر پر رہے۔

کامیڈین کا کہنا تھا کہ ای میل میں انہیں بتایا گیا کہ یوٹیوب پر رواں برس سب سے زیادہ بھارتی گلوکار گرو رندھاوا کو تلاش کیا گیا جب کہ دوسرے نمبر پر لندن کے گلوکار چاہت فتح علی خان اور تیسرے نمبر پر پاکستانی گلوکار مرحوم نصرت فتح علی خان رہے۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں بتایا گیا کہ وہ نہ صرف پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا بلکہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے گلوکار رہے۔

چاہت فتح علی خان نے یوٹیوب پر خود کو سب سے زیادہ تلاش کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا کریڈٹ اپنے مداحوں کو دیا اور کہا کہ یہ سب مداحوں کی وجہ سے ممکن ہوا۔

اگرچہ چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا کہ انہیں یوٹیوب نے ای میل کرکے بتایا ہے کہ وہ سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے گلوکاروں پر دوسرے نمبر پر رہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

Watch Live Public News