لاہور ( پبلک نیوز) لاہور میں جشن آزادی کے موقع پر چنگ چی رکشہ میں لڑکی کے ساتھ شرمناک حرکت کی ویڈیو بنانے اور نازیبا فقرے کسنے والا گرفتار کر لیا گیا، معاون خصوصی شہباز گل نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد یہ شرمناک حرکت کرنے والا ملزم بھی پولیس کی گرفت میں ہو گا ۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر جہاں مینار پاکستان میں ہراسانی کا شرمناک واقعہ ہوا وہیں پر چنگ چی رکشہ میں بیٹھی ہوئی لڑکی بھی محفوظ نہ رہی مگر ان کیسز میں پنجاب حکومت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، چنگ چی رکشہ ہراسانی کیس میں ایک اہم کردار ویڈیو بنانے والا ملزم بھی تھا، جو ویڈیو بنانے کے دوران اوباش حرکت کرنے والے نوجوان کو ہلہ شیری دینے میں مصروف تھا اور اس کی تعریفیں کر رہا تھا۔ https://twitter.com/SHABAZGIL/status/1429562540640587782 پولیس ذرائع کے مطابق اس ویڈیو بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس اوباش ملزم کے بہت قریب پہنچ چکی ہے اور اس کی گرفتاری کسی بھی وقت عمل میں آ سکتی ہے۔ معاون خصوصی شہباز گل نے اس حوالے سے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ”رکشہ میں سوار خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی وڈیو بنانے والے اوباش ملزم کو لاہور پولیس نے تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔بہت جلد بدتمیزی کرنے والے مجرم کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔مینار پاکستان کیس میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے 34ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔کل126 گرفتاریاں ہو چکیں“۔