اسلام آباد (پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابینہ کو بریفنگ دی۔ مختلف ملکوں کے شہریوں کو افغانستان سے نکالنے میں پاکستان نے مدد فراہم کی۔ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کابل سے مزید افراد کو نکالنے کے لیے ہم سہولت پیدا کر رہے ہیں۔ قومی ایئر لائن پی آئی اے نے کابل سے 1500لوگوں کو نکالنے میں سہولت دی۔ افغانستان سے انخلاء کرنے میں پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے ہم ذمہ دارانہ کردار ادا کررہے ہیں۔ ترکی کے ساتھ افغانستان کے معاملے پر قریبی رابطے میں ہیں۔ افغان حکام کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ افغان مسئلے کے سیاسی حل کی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا افغانستان کے امن عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارت افغانستان کے معاملے میں مداخلت سے باز رہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے تمام انتخابات پر دھاندلی کا الزام لگایا گیا۔ ن لیگ شفاف انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ ہے۔ حکومت کی جانب سے شفاف انتخابات کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے زرمبادلہ کی وجہ سے پاکستانی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ کورونا کے پھیلاؤ کے باعث خیبر پختونخوا اور پنجاب کے صحت کے شعبوں پر اضافی دباؤ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر محمد اشفاق کو ایف بی آر کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ معاشی اعشاریئے مستحکم ہیں، برآمدات میں اضافہ جبکہ مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔ بزنس انڈیکس میں بھی 108فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔