کے ایم سی کا بجٹ پیش، اجلاس میں ہنگامہ آرائی ، اراکین گتھم گتھا

کے ایم سی کا بجٹ پیش، اجلاس میں ہنگامہ آرائی ، اراکین گتھم گتھا

(ویب ڈیسک ) کے ایم سی کا بجٹ آج  پیش کردیا ، اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے دوران  اراکین گتھم گتھا ہوگئے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بجٹ پیش کردیا۔ میئر کراچی  کی زیرصدارت بجٹ اجلاس شروع ہوا تو اراکین ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے۔ 

اپوزیشن ارکان مئیر کے سامنے آگئے۔ اپوزیشن ارکان نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئےقبضہ مئیر نامنظور اور کراچی کو پانی دو کے نعرے لگائے۔

بجٹ کا کل حجم 49 ارب 70 کروڑ 18 لاکھ 45 ہزار روپے ہے  ، بجٹ میں کل اخراجات کا تخمینہ 49 ارب 60 کروڑ 21 لاکھ 38 ہزارروپے لگایا گیا ہے۔ بجٹ میں 9 کروڑ 97 لاکھ 7 ہزار روپے کی بچت دکھائی گئی ہے ۔

بجٹ میں ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات اور پنشن کے لئے 10 ارب 80 کروڑ 22 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ، بجٹ میں میونسپل یوٹیلٹی چارجز سے 2 ارب کی وصولی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

کے الیکٹرک کے بلوں سے میونسپل ٹیکس کی وصولی سے متعلق قرارداد کونسل منظور کر چکی ہے ، بجٹ میں کےالیکٹرک پر واجب الادا ایک ارب 85 کروڑ روپے کی آمدن بھی ظاہر کی گئی ہے ۔

بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 8 ارب 98 کروڑ 62 لاکھ 60 ہزار روپے کی رقم مختص کی گئی ہے،  ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کی اسکیموں پر 9 ارب 16 کروڑ 85 لاکھ روپےخرچ کیے جائیں گے ۔

کونسل کے اراکین سے رائے شماری کے ذریعے بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔

Watch Live Public News