لاہور (پبلک نیوز) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن سے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو باہر کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں قائم آئسولیشن سے ریلیز کردیا گیا ہے۔ ناقابل قبول پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانے کی وجہ سےنسیم شاہ اب 26 مئی کو ابوظہبی روانہ نہیں ہوں سکیں گے۔ نسیم شاہ نے اس موقع پر اپنے 18 مئی کو کئے گئے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروائی۔ پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ پرانی رپورٹ جمع کروانے پر انہیں ہوٹل کی علیحدہ منزل پر آئسولیشن میں رکھا گیا۔ تین رکنی انڈیپنڈنٹ میڈیکل ایڈوائزری پینل کی سفارشات پر ریلیز کا فیصلہ کیا گیا۔ڈائڑیکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد کا کہنا ہے کہ فاسٹ باؤلر کو ایونٹ میں شرکت سے روک کر فخر محسوس نہیں کر رہے۔ نظر انداز کرتے تو ممکنہ طور پر ایونٹ کو خطرے میں ڈال دیتے۔