کے پی میں تاریخ رقم ، پہلی بار وفاق سے قبل صوبائی بجٹ پیش

کے پی میں تاریخ رقم ، پہلی بار وفاق سے قبل صوبائی بجٹ پیش

(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں تاریخ رقم ہوگی ۔پہلی بار وفاق سے پہلے صوبائی بجٹ کو پیش کردیا گیا۔

اسپیکربابرسلیم سواتی کی زیرصدارت خیبرپختونخوا سمبلی کابجٹ اجلاس ہوا، جس میں  وزیرخزانہ خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے بجٹ 25-2024پیش  کیا۔

وزیرخزانہ نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا کے عوام نے انتخابات میں پی ٹی آئی کو واضح مینڈیٹ دیا۔ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیےہیں،خیبرپختونخوا میں اسکولز اور یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی قیادت ہر مشکل وقت میں خیبرپختونخوا کےعوام کیساتھ کھڑی رہی،اامید دلاتا ہوں کہ مستقبل میں صوبے کی ترقی کیلئے اقدامات کریں گے۔ خیبرپختونخوا کے عوام کو صحت کارڈ کے ذریعے طبی سہولیات دی گئیں،پی ٹی آئی نے اپنی کارکردگی سے عوام کے دل میں جگہ بنائی۔

آفتا ب عالم نے کہا کہ تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے مختلف اقدامات متعارف کروائے۔ تعلیم کی بہتری کیلئے نئے اساتذہ بھرتی کیے گئے،بہتر سرمایہ کاری وہ ہے جو بچوں کامستقبل بہتر بنانے کیلئے ہو،تعلیمی اصلاحات کیں،حصول تعلیم کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ  ضم اضلاع کے اخراجات کے لیے اب تک صرف 123 ارب روپے ملے، ضم اضلاع کے لیے 147ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے۔  این ایف سی ایوارڈ کے تحت ضم اضلاع کاسالانہ حصہ262ارب روپے بنتاہے، صوبے کو ہرسال واجب الادا رقم اپنے حصے کے مقابلے میں کم ملتی ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ   ہوٹلوں پر ٹیکس کی شرح 6 فیصد کردی گئی ہے۔  شادی ہالوں کے لیے فکسڈ سیلز ٹیکس ریٹ متعارف کرانے کی تجویز ہے، پراپرٹی ٹیکس کی مد میں بڑا ریلیف دیاجا رہاہے، ریسٹورنٹ انوائس مینجمنٹ سسٹم کا استعمال تمام ہوٹلوں پرلازم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  کارخانوں پر پراپرٹی ٹیکس2.5روپےفی مربع فٹ ہے، کارخانوں پر پراپرٹی ٹیکس 10ہزار 600 روپےفی کنال بنتا ہے، کارخانوں پر پراپرٹی ٹیکس کو کم کر کے 10 ہزار وپےفی کنال کرنے کی تجویز ہے، ریونیو موبلائزیشن پلان کے تحت93.50ارب روپے کا ہدف مقرر ہے۔

آفتاب عالم نے کہا کہ   بھاری وفاقی ٹیکس کے باعث لوگ جائیداد کی منتقلی کیلئے اسٹامپ پیپر استعمال کرتے ہیں، جائیداد منتقلی پر صوبائی ٹیکسز کو 6.5 فیصد سے کم کرکے 3.5 فیصد کرنے کی تجویز ہے عوام کو جائیداد کی منتقلی پر 3 فیصد ٹیکس ریلیف ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے کیلئے 232 ارب 80 لاکھ روپے مختص کیے گئے، صحت کے اخراجات گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہیں۔ پی میں ترقیاتی بجٹ کے تحت ائیر ایمبولنس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے، جنوبی اضلاع کیلئے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اسٹیلائٹ مرکز کا قیام عمل میں لائے جائے گا،نجی شعبہ کی شراکت سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کا قیام بھی ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہیں۔

وزیرخزانہ آفتاب عالم نے کہا کہ  صوبہ میں امن و امان کی بہتری کیلئے اس سال کل 140 ارب 62 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔امن و امان کے اخراجات گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہیں، داخلہ امور کے شعبے میں پی ای ایچ ایل 911 کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  سماجی بہبود کیلئے 8 ارب 11 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے سماجی بہبود کے اخراجات گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہیں، ضم اضلاع کیلئے پناہ گاہوں کے بجٹ کو 30 کروڑ روپے سے بڑھا کر 60 کروڑ کردیا گیا ہے۔

Watch Live Public News