ویب ڈیسک:اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) کی جانب سے مانیٹری پالیسی کا اعلان کل کیا جائے گا۔
مرکزی بینک میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 16 دسمبر بروز پیر کو منعقد ہوگا جس میں مانیٹری پالیسی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا،اجلاس کے بعد اسٹیٹ بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی کی توقع ہے،دوسری جانب صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی جانب سے شرح سود میں 5 فیصد کمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک شرح سود میں 500 بیسس پوائنٹس کمی کا اعلان کرے ، ملک میں افراط زر کی شرح 5 فیصد سے بھی کم پرآ گئی ہے اور 78 ماہ کی کم ترین سطح پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ کم کر کے سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے، پالیسی ریٹ میں 500 بیسس پوائنٹس کی کمی سے معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا جبکہ روپے کی قدر بھی مستحکم ہوگی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی معاشی ٹیم کی بہترین پالیسیوں کے باعث معیشت بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوئی، بزنس کمیونٹی معاشی بہتری کیلئے کیے گئے تمام حکومتی فیصلوں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔