ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس کے رنگ، گھروں کے باہر کرسمس ٹری کی رنگینیاں، چرچز کی بھی تزئین و آرائش کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج کرسمس منا رہی ہے، کراچی کے سینٹ پیٹرک چرچ میں کرسمس کی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسیحی برادری نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔
حیدرآباد میں رات گئے سینٹ فرانس چرچ میں کرسمس کے حوالے سے دعائیہ تقریب ہوئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، تقریب میں مسیحی خواتین ، بچوں اور نوجوانوں نے شرکت کر کے ملک وقوم کی خوشحالی اور سلامتی کیلئے دعائیں مانگی۔
فیصل آباد میں مسیحی خواتین نے کرسمس کیلئے خریداری کیں جبکہ گوجرانوالا کے کرسمس بازار میں مسیحی برادری کیلئے 20 فیصد تک ڈسکاؤنٹ تھا۔
ادھر کوئٹہ میں بیکریوں اور کیک شاپس میں کرسمس کے حوالے سے ڈیزائن کردہ کیکس کی دھوم ہے، لاہور میں بھی مسیحی برادری کرسمس منانے کیلئے پرجوش ہے، سرگودھا میں گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جبکہ سکھر کے گرجا گھروں میں کرسمس کی خوشی میں کیک کا ٹے گئے۔
کرسمس کے موقع پر ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی چرچز اور گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، مسیحی برادری نے گھروں کو کرسمس ٹریز سے مزین کرلیا۔
دوسری جانب سانتا کلاز خوشیاں بکھیرنے کیلئے سفر پر نکل پڑے، ہسپتال میں بچوں کو تحائف دینے کے انوکھے انداز کے باعث ٹیکساس میں ڈرون سے بنے سانتا کلاز توجہ کا مرکز بن گئے، روم میں بازاروں اور شاہراہوں کو روشنیوں سے سجا دیا گیا۔
نیویارک، لندن، پیرس، ٹورنٹو اور میکسیکو سمیت دنیا کے کئی بڑے شہروں میں تقریبات ہوئیں، مسیحی برادری مذہبی تہوار کو بھرپور انداز سے منانے میں مصروف ہے۔
کرسمس پر جرمن قونصل جنرل اور برطانوی ہائی کمشنر کا انوکھا انداز
کراچی میں کرسمس کے موقع پر جرمن قونصل جنرل نے سانتا کلاز کا روپ دھار لیا۔اس موقع پر انہوں نے پیانو بجایا اور دنیا بھر میں مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارک باد دی۔
دوسری جانب برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے طبلہ بجا کر کرسمس کی مبارک باد انوکھے انداز میں دی۔سوشل میڈیا پر عوام برطانوی ہائی کمشنر کو طبلہ بجاتے دیکھ کر حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرسمس کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاکہ کرسمس انسانیت کیلئے ایک آفاقی پیغام لاتی ہے، کرسمس محبت، سخاوت، رحم، اتحاد اور امید کی ترغیب دلاتا ہے، حضرت عیسیٰؑ نے محبت، ہمدردی اور امن کا پیغام دیا، حضرت عیسیٰؑ کا پیغام ایک جامع ، پرامن معاشرے کے قیام کیلئے کام کرنے کی ترغیب دلاتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کرسمس پر پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کا اعتراف کرتے ہیں، مسیحی برادری نے تعلیم، صحت، سماجی بہبود، عوامی خدمت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں، پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار ہماری قوم کے متنوع پن کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ کرسمس کے پر مسرت موقع پرمیں پاکستان اور دنیا بھر میں اپنے مسیحی بہنوں اور بھائیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کرسمس کے موقع پر ہمیں اس کے پیغام پر بھی غور کرنا چاہئے۔انہوں نے یہ بات کرسمس 2024 کے موقع پر اپنےپیغام میں کہی ۔
سابق وزیراعظم عمران خان
عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس میں اپنے پیغام میں پاکستان کے تمام مسیحی برادری کو پُرامن اور مسرت بھری کرسمس کی مبارکباد دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کوئی کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو میں سب کی وزیراعلیٰ ہوں۔مریم نواز نے لاہور میں کرسمس کی خصوصی تقریب سے خطاب کے دوران جنوری میں minorities کارڈ لانچ کرنے کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام تر توجہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل پر ہے جہاں آپ کو خوف نہ ہو کہ کوئی آپ کو مار دے گا یا گھر جلا دے گا۔ مسیحی برادری کی پاکستان کے لیے بہت بڑی بڑی خدمات ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ minorities کارڈ شروع کرنے جا رہے ہیں، میرا بس چلے تو اقلیتوں کا بجٹ 5 ہزار فیصد بڑھا دوں۔
مریم نواز نے کرسمس کا خصوصی کیک کاٹا اور اپنی اور قائد مسلم لیگ ن کی جانب سے مسیحی برادری کو مبارک باد بھی پیش کی۔میرے آفس کے دروازے پنجاب کے تمام افراد کیلئے کھلے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین خان گنڈا پور نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ کرسمس محبت، اخوت، ایثار، امن اور رواداری کا پیغام ہے، ہمارا مذہب اسلام بحیثیت شہری اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے کا درس دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کوعبادات، رسومات اور تہواروں کوآزادی سے منانے کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور فلاح و بہبود پی ٹی آئی کے منشور کا اہم حصہ ہے، ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں خصوصاً مسیحی برادری کا بھر پور کردار رہا ہے، پوری قوم مسیحی برادری کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔