شراب نوشی کرنے والے 7 اقسام کے سرطان میں مبتلا ہوسکتے ہیں، اہم تحقیق

 شراب نوشی کرنے والے 7 اقسام کے سرطان میں مبتلا ہوسکتے ہیں، اہم تحقیق

ویب ڈیسک: امریکہ کے سرجن جنرل نے کہا ہے کہ شراب نوشی سے کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، انہوں نے جمعے کے روز شراب کی پیکنگ پر کینسر کے خطرے کا انتباہ درج کرنے کی تجویز پیش کی جیسا کہ سگریٹوں کے پیکٹ پر لکھا ہوتا ہے۔

تفصیلات کےمطابق امریکہ کے سرجن جنرل ویوک مورتھی کا کہنا ہے کہ شراب کے استعمال سے کم از کم سات اقسام کے سرطان میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جن میں چھاتی، بڑی آنت اور جگر کا کینسر بھی شامل ہے،  شراب پینے والے امریکیوں کی کثیر تعداد کو اس خطرے کا علم ہی نہیں ہے۔
مورتھی نے یہ بھی کہا کہ اس خطرے کا علم ہونے کے بعد شراب پینے کی مقدار سے متعلق سفارشات کا دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ شراب پینے سے قبل اس خطرے کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کر سکیں کہ آیا انہیں شراب پینی بھی چاہیے یا پھر اس کی کتنی مقدار لینی چاہیے؟
امریکہ میں شراب کے استعمال سے متعلق موجودہ گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ ایک مرد کو دن بھر میں دو یا اس سے کم پیگ لینے چاہیئں، جب کہ خواتین کو شراب ایک ڈرنک یا اس سے کم تک محدود رکھنی چاہیے۔
شراب نوشی کینسر میں مبتلا ہونے کا تیسرا بڑا سبب
سرجن جنرل مورتھی کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تمباکو نوشی اور موٹاپے کے بعد امریکہ میں شراب کا استعمال کینسر میں مبتلا ہونے کی تیسری سب سے بڑی وجہ ہے، جس سے بچا جا سکتا ہے۔
بیان کے ساتھ ایک نئی رپورٹ بھی منسلک ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ شراب کس قسم کی ہے،شراب تیار کرنے والی کمپنیوں اور اس صنعت کی ایسوسی ایشنز نے اس بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

ٹرمپ شراب نہیں پیتے
ٹرمپ خود شراب نہیں پیتے لیکن ان کے ایک بھائی کی ہلاکت شراب نوشی کی وجہ سے ہوئی تھی، ٹرمپ ایک عرصے سے شراب نوشی کے خطرات پر بات کرتے رہے ہیں، انہوں نے محکہ صحت اور ہیومن سروسز کے لیے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو نامزد کیا ہے جو ماضی میں ہیروئن اور شراب کے خلاف کام کرنے کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔
تاہم شراب کی پیکنگ پر درج انتباہ میں تبدیلی کا فیصلہ کانگریس کو ہی کرنا ہوتا ہے۔
شراب کی پیکنگ پر انتباہی نوٹ
ایسے مشروبات، جن میں الکوحل موجود ہوتی ہے ان کی پیکنگ پر ایک انتباہی نوٹ پہلے سے ہی موجود ہے جس کہا گیا ہے کہ حمل میں شراب نوشی بچے میں پیدائشی نقائص کا سبب بن سکتی ہے، مشینری چلانے کے دوران فیصلے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔

باریک لفظوں میں شراب کی پیکنگ کے پشت پر اس انتباہ کی اشاعت 1988 میں شروع ہوئی تھی، جس میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
شراب نوشی سے ہلاکتیں
شراب نوشی سے متعلق نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں ہر سال ایک لاکھ افراد کینسر کی مختلف اقسام میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور 20 ہزار سے زیادہ اموات کا سبب شراب نوشی سے ہونے والا کینسر ہے۔

Watch Live Public News