آئی پی ایل خطرے میں ٗ غیر ملکی پلیئر چھوڑ گئے

آئی پی ایل خطرے میں ٗ غیر ملکی پلیئر چھوڑ گئے
نئی دہلی ( ویب ڈیسک ) بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کے بعد انڈین پریمیر لیگ کے غیر ملکی کھلاڑی بھی بے چینی اور شکوک و شہبات کا شکار ہیں ٗ لیکن اس کے باوجود عالمی کھلاڑی انڈیا میں رکے ہوئے تھے لیکن اب وہ انڈیا سے روانہ ہونے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ اس سلسلہ میں آسٹریلوی کھلاڑی اینڈریو ٹائی جو راجستھان کی نمائندگی کرتے ہیں وہ انڈیا سے واپس آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں ۔اس کے علاوہ ایڈم زائمپا اور کین رچرڈسن انڈیا سے روانہ ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا پہنچنے پر ایک بیان میں اینڈریو ٹائی نے کہا کہ ان حالات میں انڈیا میں رکنا ایک خطرناک فیصلہ ہو سکتا ہے اور مجھے امید ہے کہ باقی آسٹریلوی کھلاڑی بھی جلد از جلد انڈیا چھوڑ کر آسٹریلیا آ جائیں گے ٗآئی پی ایل میں ببل لائف کا دبائو اب اذیت ناک ہو گیا تھا اور یہ بھی خدشہ ہے کہ آسٹریلیا کہیں اپنی سرحدیں بند نہ کر دے اس لئے میں نے انڈیا چھوڑ دیا ‘‘۔ اینڈریو ٹائی نے کہا کہ گزشتہ سال اگست سے لیکر اب تک میں صرف گیارہ روز کیلئے اپنے گھر یا ببل لائف سے باہر رہا ہوں ٗ بہت سے کھلاڑی مجھ سے رابطے ہیں اور انڈیا میں تشویش میں مبتلا ہیں ٗ چند کھلاڑیوں کو اس بات میں بہت دلچسپی تھی کہ میں آخر کس راستے سے انڈیا سے باہر نکلتا ہوں۔