لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی, ٹیم کی ایک اور تاریخی کامیابی ، کینیڈا کو افرادی قوت بھیجنے کا معاہدہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب اور پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کے مابین افرادی قوت کینیڈا بھجوانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایم او یو پر دستخط کے وینکوور میں موجودوزارتی وفد کو مبارکباد دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب سے کینیڈا افرادی قوت بھجوانے کا ایم او یو معاشی ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہے۔
پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن نے پنجاب سے کنیڈین صوبوں کے لئےلیبر بھجوانے کی درخواست کی تھی۔ مشترکہ مفاد کے لیے مذہبی اور تعلیمی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
ایم او یو پردستخط کی تقریب وینکوور میں کنیڈین قونصل خانے میں منعقد ہوئی ، مفاہمت کی یادداشت پر صوبائی وزیر ایس ایم تنویر اور بشری رحمان نے دستخط کیے ۔
خیال رہے کہ افرادی قوت کینیڈا بھجوانے کی یادداشت پر دستخط نگران پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد کیے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت کا تین رکنی وزارتی وفد دستخط کرنے وینکوور کے دورے پر ہے۔
اس حوالے سے وزیر تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ یادداشت کا مقصد پنجاب اور کینیڈین صوبوں برٹش کولمبیا اور البرٹا کے مابین معاشی سرگرمیوں کا فروغ ہے۔وزیر سیاحت عامر میر کا کہنا تھا کہ مفاہمت سے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
پنجاب کے وزارتی وفد میں وزیر تجارت ایس ایم تنویر، وزیر تعلیم منصور قادر اور وزیر سیاحت عامر میر شامل ہیں۔