لاہور(پبلک نیوز) اینٹی کرپشن کی کرپٹ سرکاری افسران کے خلاف کاروائیوں میں تیزی، محکمہ پولیس، محکمہ مال اور محکمہ آبپاشی کے چار افسران اینٹی کرپشن کی گرفت میں آ گئے۔
سب انسپکٹر، کانسٹیبل، پٹواری اور کلرک حوالات میں بند، مقدمات درج کر لیے گئے۔ اینٹی کرپشن لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کی کاروائیوں میں سرکاری محکموں میں چھُپی کالی بھیڑیں رنگے ہاتھوں گرفتار ہو گئیں۔
اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے محکمہ آبپاشی کا جونئیر کلرک گرفتار کر لیا۔ ملزم زاہد حسین کو سات ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف اینٹی کرپشن تھانہ ریجن اے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سب انسپکٹر تھانہ تُلنبہ رانا عبدالجبار بیس ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار ہو گئے۔ رانا عبدالجبار کو مدعی محمد حفیظ کی درخواست پر ٹریپ ریڈ کر کے گرفتار کیا گیا۔ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے نور افضل پٹواری کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کو جعلی انتقالات داخل کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ نور افضل پٹواری کو سرکل آفیسر راولپنڈی نے گرفتار کیا ۔ اٹک کے علاقے چوکی گوندل سے کانسٹیبل طارق محمود کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزم کو آٹھ ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ملزم کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن اٹک میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن فیصل آباد نے مفرور اشتہاری محمد عدنان کو گرفتار کر لیا۔