لاہور(پبلک نیوز) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 میں شریک کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، براڈکاسٹرز اور آفیشلز کے ویزوں پر اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے۔
بھارت سے ابوظہبی کے لیے سفر کرنے والے تمام 26 افراد کو ویزے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ سے ابوظہبی کے لیے سفر کرنے والے مجموعی طور پر 27 میں سے 26 افراد کو ویزے جاری ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی، ڈیوڈ ملر، ہرشل گبز، رائیلی روسو، کیمرون ڈیلپورٹ، مائیکل اسمتھ کو ویزے جاری ہوئے ہیں۔
پاکستان سے بذریعہ چارٹرڈ فلائیٹ پر یو اے ای روانہ ہونے والے بیشتر افراد کے ویزے بھی جاری ہو چکے ہیں۔ 27 مئی کی دوپہر 2 بجے سے پہلے ابوظہبی کے ہوٹل میں چیک ان کرنے پر یو اے ای میں روم آئسولیشن کا پہلا دن شمار کیا جائے گا۔
قومی آلراؤنڈر محمد نواز کو بھی جنوبی افریقہ سے چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے ابوظہبی پہنچنے کے لیے ویزہ جاری ہو گیا۔ اس حوالے سے مکمل تفصیلات جلد جاری کر دی جائیں گی۔