' مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف سے بات کرکے ریلیف لیں '

' مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف سے بات کرکے ریلیف لیں '
جہلم: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب کورونا آیا تھا تو آئی ایم ایف سربراہ سے بات کرکے ریلیف لیا تھا، اس وقت بھی ملک میں سیلاب آیا ہوا ہے، مفتاح اسماعیل تھوڑا جگرا پیدا کریں اور آئی ایم ایف سے بات کرکے ریلیف لیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں آپ کے سامنے کھڑا ہو کر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جو اللہ نے ابھی ہمیں سیلاب جیسی آزمائش میں ڈالا ہے، کبھی کبھی اللہ اپنی مخلوق کو ایسے ہی آزماتا ہے، آپ سب اللہ سے ایک وعدہ کریں کہ ہم اس امتحان میں فیل نہیں ہوں گے۔ عمران خان نے کہا کہ کل میں ڈیرہ اسماعیل خان ( ڈی آئی خان) گیا تو دیکھا کہ ہزاروں ایکڑ زمین پانی کے نیچے گئی ہوئی ہے اور جہاں میں نہیں جا سکا ادھر بھی پانی کا سمندر جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے تو سارے علاقے متاثر ہو گئے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ایسے امتحانات سے صرف قوم ہی لڑ سکتی ہے، حکومت اکیلی کچھ نہیں کر سکتی، ہم نے مل کے اس امتحان کا مقابلہ کرنا ہے۔ میں نے ٹائگر فورس کو جمع کرنا شروع کیا ہے جو حکومتوں کی مدد کرے گی تاکہ ہم متاثرین کی ٹھیک سے مدد کر سکیں۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کہتے ہیں صوبے سرپلس دینگے، ملک میں سیلاب سے تباہی آئی ہے صوبے کہاں سے سرپلس دیں گے۔ خیبر پختون خواہ کا وزیرخزانہ 2 ماہ سے مفتاح اسماعیل سے وقت مانگ رہا ہے، لیکن وہ ملاقات نہیں کررہے، آج مفتاح اسماعیل کہتے ہیں پی ٹی آئی آئی ایم ایف کا پروگرام منسوخ کرانا چاہتی ہے۔ انہوں جلسے سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ جب کورونا آیا تھا تو آئی ایم ایف سربراہ سے بات کرکے ریلیف لیا تھا، اس وقت بھی ملک میں سیلاب آیا ہوا ہے، مفتاح اسماعیل تھوڑا جگرا پیدا کریں اور آئی ایم ایف سے بات کرکے ریلیف لیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔