ویب ڈیسک: وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے مانسہرہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔ہزاروں کارکن اس وقت گرفتار ہیں، آخر ہمارے راستے میں رکاوٹیں کیوں کھڑی کی گئیں۔ ہم پر تشدد نہ کیا جاتا تو ہمارے لوگ بھی جواب نہ دیتے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے مانسہرہ میں عمر ایوب کے ہمراہ دوران نیوز کانفرنس انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر کو جیل میں ڈالا گیا، ہم نے ہمیشہ حقیقی آزادی کی بات کی ہے، ڈھائی سال سے ہماری جماعت پر ظلم کیا جارہا ہے، تشدد نہ ہوتا تو ہمارے لوگ جواب نہ دیتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ہماری نسلوں کی جنگ ہے، پورے ملک کو بتانا چاہتا ہوں ہمارا دھرنا جاری ہے۔ میں اپنے ورکرز کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، جو کارکن گرفتار ہیں انہیں رہا کروائیں گے جیسے پہلے کرایا تھا۔
گنڈا پور نے کارکنوں کو مخاطب کرکے کہا کہ ’آپ نے گولی کھائی ہے لیکن گولی ماری نہیں ہے، آپ کی عظمت کو سلام ہے‘، بد قسمتی سے پچھلے ڈھائی سال سے ہماری جماعت کے ساتھ فسطائیت اورجبر کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے، ہمارا لیڈر اس وقت جیل میں ہے، ان کی اہلیہ کو بھی جیل میں بند رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعلیٰ ہوکر انصاف نہیں ملتا تو عام آدمی کا کیا حال ہوتا ہوگا ؟ پاکستانیو! سب سوچو، مجھے 9 مئی کے مقدمے میں نامزد کردیا جب کہ میری کوئی ویڈیو یا تصویر تک کسی مقام پر نہیں ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پر امن احتجاج کرنے والے ہمارے سیکڑوں کارکن شہید کردیے گئے، سیدھی گولیاں ماری گئیں، سیکڑوں کارکن زخمی ہیں جن کا ٹرک ابھی آرہا ہے، شہدا کا ٹرک بھی ابھی آرہا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انہوں نے کچھ ناٹک کرنے والے میڈیا والے رکھے ہوئے ہیں، اس دوران کارکنوں نے ’سوشل میڈیا زندہ باد‘ کے نعرے لگائے۔ہزاروں کارکن اس وقت گرفتار ہیں، آخر ہمارے راستے میں رکاوٹیں کیوں کھڑی کی گئیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی زوجہ بھی میرے ساتھ تھیں،ہم پر حملہ کیا گیا،صوبے کے وزیر اعلیٰ کو جان سے مارنے اور اغوا کرنے کیلئےجو اقدامات کیے گئے وہ قوم کے سامنے لائیں گے،یہ صوبہ اب اپنے لوگوں کا تحفظ بھی کرنا جانتا ہے،تم ہمیں مجبور کر رہے ہو، تم بنگلادیش کو بھول جاؤگے تمھیں موقع بھی نہیں ملے گا،گولی کا کوئی رخ نہیں وہ کسی کو بھی لگ سکتی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آپ ہمیں مجبور کر رہے ہیں کہ ہم آپ سے نپٹیں،ملک کے بارے میں سوچیں، آپ تحریک انصاف کو ختم کرنے میں لگے ہیں،تحریک انصاف ایک سوچ ہے نظریہ ہے،شہداء کے گھرانوں کیلئےایک ایک کروڑ روپےکا اعلان کرتا ہوں،زخمیوں کے علاج کے بھی ہم ذمہ دار ہیں۔
گنڈا پور اور بشریٰ بی بی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، عمر ایوب
عمر ایوب نے کہا کہ احتجاج کے دوران اراکین صوبائی، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو فرنٹ لائن پر رہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی پر حملے کی مذمت کی۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے خود 5 پولیس اہلکاروں کو ریسکیو کرکے انہیں باحفاظت چھوڑ کر آیا تھا اور میڈیا پر اس کی فوٹیج موجود ہے۔ہمارے کارکنوں پر براہِ راست فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے بطور وزیرِ اعلیٰ انتخاب کے بانی پی ٹی آئی کے فیصلے پر فخر ہے۔کھانے کی فراہمی، ورکرز کے میڈیکل اور ٹرانسپورٹ کے لیے علی امین مسلسل کام کرتے رہے۔
مانسہرہ اسٹیڈیم میں پولیس کی بھاری نفری تعینات
قبل ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپورکی سرکٹ ہاؤس مانسہرہ میں اعلی حکام سےمیٹنگ جاری ہےجس میں کمشنر اورڈی آئی جی بھی موجودہیں۔علی امین گنڈاپورممکنہ طورپربذریعہ ہیلی کاپٹرمانسہرہ سے پشاورجائیں گے۔ مانسہرہ اسٹیڈیم میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔