'عمران خان نے سائفر پر کھیل کھیلا، یہ نہیں سوچا ملک کا کیا ہوگا'

'عمران خان نے سائفر پر کھیل کھیلا، یہ نہیں سوچا ملک کا کیا ہوگا'
اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے سائفر پر کھیل کھیلا اور یہ نہیں سوچا کہ قوم کا اس سے کتنا نقصان ہوگا۔ وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف غیر معینہ مدت تک توسیع پر رضامند ہوجائیں تو ان کی تعریفیں اور انکار پر عمران انہیں میر جعفر اور میر صادق جیسے القابات دیتا ہے۔ عمران خان کی ذہنی پستی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے، اس منفی ایجنڈے کے ساتھ کسی ملک میں قانون کی بالادستی فروغ نہیں پاسکتی۔ رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کا معاملہ دو لوگوں کی طرف جاتا ہے، ارشد شریف کو دبئی پھر کینیا بھیجا گیا، ارشد شریف کو ڈرایا دھمکایا گیا، موت کے متعلق مقدمات انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے بعد قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل سے متعلق حقائق کی چھان بین کا عمل جاری ہے، وقار نامی شخص کے کردار کو بھی سامنے لایا جائے گا، بادی النظر میں جو شواہد ہیں اس کے اشارے عمران خان اور سلمان اقبال کی طرف جاتے ہیں، کینیا میں فارم ہاؤس کس کا ہے اس کی تصدیق شدہ تفصیل ایک دو دن میں مل جائے گی، متنازع فارم ہاؤس کی بھی رپورٹ دیں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ایچ نائن اور جی نائن میں جلسے کی درخواست دی ہے، اجازت سے پہلے ان کے ارادوں کے بارے میں بھی اندازہ لگائیں گے، دیکھیں گے کہ یہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت رہیں۔انہوں نے کہا کہ پرامن اور آئین کے تحت جلسے کی اجازت دو روز قبل دیں گے، اگر تحریک انصاف نے ضروری تقاضے پورے کیے تو اجازت دیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی قیمت پر مارچ کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو بھی بلایا جائے گا، پرامن نہ ہونے پر مارچ کو اسلام آباد میں داخلے کے تمام راستوں پر روکیں گے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔