خان صاحب نے تین سال میں تاریخی غربت کی ہے

خان صاحب نے تین سال میں تاریخی غربت کی ہے
ٹنڈوالہ یار ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آپ کے حق روزگار پر ڈاکہ ڈالا ہے، جس طریقے سے انہوں نے سٹیل ملز جو قائد عوام کا کارنامہ تھا ،اسے بند کر دیا، وہاں کے دس ہزار خاندانوں کو بے روزگار کر دیا، انہوں نے جو لوگ ایف آئی اے میں کام کر رہے تھے، جنہیں پیپلز پارٹی کے دور میں روزگار ملا کیونکہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہی روزگار ملتا ہے، ان کو بھی بے روزگار کر دیا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک ہی صوبہ ہے جہاں پبلک سروس کمیشن پر تالا لگا ہوا ہے، ایک ہی صوبہ ہے جہاں کے نوجوان کو یہ موقع نہیں مل رہا کیونکہ سندھ کا پبلک سروس کمیشن بند پڑا ہوا ہے، ابھی 16 ہزار خاندانوں کے ساتھ جو ناانصافی ہوئی کیا آپ کو معلوم ہے کہ ان لوگوں کو شہید بی بی کے دور میں روزگار ملا۔ انہوں نے کہا کہ پھر میاں صاحب کے دور میں بے روزگار کروایا گیا، جب صدر زرداری کا حکومت آیا ، جب مرد حر کی حکومت تھی تو ہم نے پارلیمان سے ایکٹ پاس کروایا تاکہ ان لوگوں کو روزگار ملے، جن کو پارلیمان نے روزگار دلوایا ان 16 ہزار لوگوں سے روزگار چھینا گیا ہے، کیا آپ کا حق نہیں ہے کہ آپ کے بچے بھی روزگار حاصل کریں، کیا ہماری قسمت میں لکھا ہوا ہے کہ ہم ہمیشہ غریب ہی رہیں گے، خان صاحب روٹی بھی چھین رہا ہے، چھت بھی چھین رہا ہےاور روزگار بھی چھین رہا ہے ۔ چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے مل کر ان کو بھگانا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت لے کر آنی ہے، خان صاحب کی اگر تین سال میں کوئی کامیابی ہے تو وہ تاریخی غربت، تاریخی بے روزگاری، تاریخی مہنگائی ہے اور پاکستان کے عوام نے نہ پہلے ان کو مانا اور نہ آج ان کو مانیں گے۔

Watch Live Public News