سارو گنگولی خطرناک بیماری میں مبتلا، ہسپتال داخل

سارو گنگولی خطرناک بیماری میں مبتلا، ہسپتال داخل
کولکتہ: (ویب ڈیسک) انڈین کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انھیں کولکتہ کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل ان کی فیملی بھی اس مرض میں مبتلا ہوئی تھی۔ اس سال کے شروع میں سارو گنگولی کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد وہ کچھ دن ہسپتال میں زیر علاج رہے تھے۔ 49 سالہ گنگولی کو کولکتہ کے ووڈ لینڈ ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹر ان کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ سارو گنگولی نے کورونا سے بچائو کی دونوں ڈوز لے رکھی تھیں لیکن اس کے باوجود اس مہلک مرض میں مبتلا ہو گئے۔ انڈیا میں اومیکرون کے بڑھتے ہوئے خطرات کے درمیان گنگولی کو انفیکشن ہونا تشویشناک بتایا جا رہا ہے۔ سارو گنگولی کا شمار ہندوستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے۔ گنگولی نے ہندوستان کے لیے 113 ٹیسٹ اور 311 ون ڈے کھیلے۔ انہوں نے 1996ء میں انگلینڈ کے خلاف اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنا کر اپنے کیریئر کی مضبوط شروعات کی تھی۔ انہوں نے 49 ٹیسٹ اور 147 ون ڈے میں ہندوستان کی کپتانی کی۔ سٹائلش بائیں ہاتھ کے بلے باز سارو گنگولی نے اپنے کیریئر میں 113 ٹیسٹ میچوں میں 42.17 کی اوسط سے 7212 رنز بنائے جس میں 16 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 311 ون ڈے میچوں میں انہوں نے 41.02 کی اوسط سے 11363 رنز بنائے جس میں 22 سنچریاں اور 72 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ گنگولی کی کپتانی میں ٹیم انڈیا 1983ء کے بعد 2003ء میں ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی تھی۔ ان کی کپتانی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2001ء (سری لنکا) اور 2003ء ورلڈ کپ (جنوبی افریقہ) کے فائنل میں پہنچی۔ اس کے علاوہ ہندوستان نے 2002ء میں انگلینڈ کے خلاف نیٹ ویسٹ سیریز جیتی تھی جس کے بعد اس نے لارڈز کی بالکونی میں اپنی شرٹ لہرائی تھی۔

Watch Live Public News