سندھ میں بارشوں سے تباہی،چھتیں گرنےسےمتعددجاں بحق،فلائٹیں منسوخ

سندھ میں بارشوں سے تباہی،چھتیں گرنےسےمتعددجاں بحق،فلائٹیں منسوخ
کیپشن: مون سون کامضبوط سسٹم آج کراچی اور حیدرآباد پہنچے گا، طوفانی بارشیں متوقع

ویب ڈیسک: شہر لاہور میں بادلوں کے بسیرے کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا،جس کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور سندھ میں بارشوں نے تباہی مچادی مختلف مقامات پر مکان کی چھتیں گرنےسے متعدد جاں بحق ہوگئے ہیں،جبکہ مون سون کا مضبوط سسٹم آج کراچی اور حیدرآباد پہنچے گا جس سے آج دوپہر شہر قائد، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے کوٹ لکپھت ،ٹاؤن شپ ، جوہر ٹاؤن میں  ٹھنڈی ہوا کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔پنجاب کے بھی مختلف شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،لاہور میں بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔وحدت کالونی،  اقبال ٹاؤن  ، مسلم ٹاون کینال روڈ سمیت دیگر جگہوں پر بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،لاہور ہائیکورٹ مال روڈ ,بھاٹی گیٹ اردو بازار سمیت دیگر علاقوں میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر جیل روڈ پر 14.4،  گلبرگ میں 10 ملی میٹر ،لکشمی چوک میں 7 ،اپرمال میں 10،مغلپورہ میں 5 ملی میٹر اور تاجپورہ میں 3 ، نشتر ٹاؤن میں 11،چوک ناخدا میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ پانی والا تالاب میں 7، فرخ آباد  میں 5.5  ،گلشن راوی میں 5ملی میٹر ، اقبال ٹاؤن میں 4 ،سمن آباد میں 5ملی میٹر،  جوہر ٹاؤن میں 7 ،قرطبہ چوک میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

جڑواں شہروں میں بارش 

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رم جھم نے رنگ جما دیا جبکہ کندیاں میں بھی ابر رحمت خوب برسا تاہم عارف والا اور بورے والا میں بھی جل تھل ہو گیا۔

جڑواں شہروں میں ایک بار پھر ابر رحمت برس پڑی،اسلام آباد اور راولپنڈی میں    ایک گھنٹے سے  تیز بارش جاری ہے، بارش کے باعث حبس اور گرمی کی چھٹی جبکہ  موسم انتہائی خوشگوار  ہوگیا ہے۔شمس آباد راولپنڈی میں  اب تک 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ  ہوئی ہے۔تیز   بارش کے باعث نالہ لئی راولپنڈی میں  پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔

علاوہ ازیں این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اگست میں بارشوں اور سیلاب کے باعث245 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، پنجاب میں 92، کے پی میں 74، سندھ میں 47، بلوچستان میں22 افراد لقمہ اجل بنے۔ 

مہانڈری پل سیاحوں کے لئے بند

سیلاب کی وجہ سے مہانڈری پل سیاحوں کیلئےبند کردیا گیا ہے۔

اوکاڑہ: بارش کے باعث گھر کی چھت گرگئی، خاتون اور بچہ جاں بحق

افسوس ناک واقعہ نواحی گاؤں چک بمبی میں پیش آیا جہاں گھر کی چھت بارش کی وجہ سے گر گئی، چھت گرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو موٹر بائیک سروس، 2 ایمبولینسز اور ریسکیو وہیکل فوراً جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جس کے بعد تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جانبحق ہونے والوں کی شناخت اقراء زوجہ منور (30 سال تقریباً) اور ایان ولد رمضان (4 سال تقریباً) کے ناموں سے ہوئی، نعشوں کو ضروری کارروائی کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔

 سندھ
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے تین دنوں میں 150 سے200 ملی میٹر بارش کا امکان ہے، شہر قائد سمیت سندھ کے کئی مقامات پر 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار اور کہیں شدید موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

شدید بارشوں کے پیش نظر حیدر آباد، میر پور خاص ،ٹنڈو الہ یار، سانگھڑ میں آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ جامشورو کے تعلیمی اداروں میں3 روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاہم کراچی میں آج تمام سکول کھلے ہیں۔

ادھر حیدر آباد، جامشورو، میر پورخاص، نوابشاہ سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

میرپور خاص/بارشوں سےتباہی،علماء کرام کی شہریوں سےدعا مانگنے کی ہدایت 
 میرپور خاص شہر میں بارش نے تباہی مچادی،ہر طرف پانی ہی پانی ہے، علماء کرام نے شہریوں کو رحم کی دعا مانگنے کی ہدایت کر دی۔ بارش کے باعث شہر مکمل طور پر زیر آب آگیا ہے، شہر میرپورخاص پانی کے باعث دو حصوں میں تقسیم ہوکر رہ گیا ہے،مین انڈر پاس پل مکمل زیر آب آ گیا۔

شہر کے تمام علاقوں میں شہری گھروں میں محصورہو کر رہے گئے ہیں، حمید پورا کالونی، ہیرا آباد، عزیز آباد بخاری ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا۔

میئر میرپورخاص نے کہا ہے کہ نکاسی آب میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن کوشش کررہے ہیں شہر کی اہم شاہراہیں جلد کلئیر کرلیں، تھرپارکر، بدین، ٹھٹہ، عمرکوٹ، میرپورخاص، ٹنڈوالہیار، سانگھڑ اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کئی شہروں میں نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ضلع بدین میں گزشتہ دو روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ہلکی اور تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے،تھرپارکر، مٹھی، اسلام کوٹ، ننگرپارکر میں ہلکی و تیز بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے متعدد علاقے زیرآب ہیں۔

دریائے سندھ میں خیر پور کے قریب سیلابی ریلے 

دریائے سندھ میں خیر پور کے قریب سیلابی ریلے سے متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔سیلابی ریلوں کے باعث بندوں پر دباؤ بڑھ گیا اور مزید کئی بندوں میں شگاف پڑنے سے 100 سے زائد دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں۔

دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کپاس اور دیگر فصلیں بھی زیرِ آب آ گئیں اور لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے۔متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو وہاں سے نکالنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

گزشتہ روز چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے پیشگوئی کی تھی کہ کراچی میں اگلے 3 دن میں 150 سے 200 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے،چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا تھا کہ تھرپارکر کے جنوب میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، کراچی میں بھی تیز بارش کا امکان ہے،ٹھٹھہ اور سجاول میں 300 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔

کراچی

  کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 270 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے، امکان ہے کہ یہ نظام مغرب/جنوب مغرب کی طرف بڑھے گا،آج رات گئے/کل صبح تک سندھ کے ساحل کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں پہنچے گا،سمندر کی سطح کا درجہ حرارت اور بالائی سطح کے ڈائیورژن کی وجہ سے، یہ نظام کل تک مزید شدت اختیار کر کے ایک سائکلونک طوفان (CS) میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

ابتدائی طور پر مغرب/جنوب مغربی سمت میں بڑھنے کا امکان ہے،اس کے زیر اثر کراچی ڈویژن، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدر آباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو میں موسلادھار بارشوں کے ساتھ وسیع بارش/آندھی گرج چمک کے ساتھ 31 اگست تک بارش کا امکان ہے۔ 

سمندر 50-60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ناہموار/بہت ناہموار رہنے کا امکان ہے۔ ماہی گیروں کو 31 اگست تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

  بحیرہ عرب کے سمندر میں موجود ڈیپ ڈپریشن طوفان میں تبدیل

دوسری جانب  بحیرہ عرب کے سمندر میں موجود ڈیپ ڈپریشن طوفان میں تبدیل ہوگیا،بحیرہ عرب سے آنےوالا ڈیپ ڈپریشن طوفان کی شکل میں کراچی کے جنوب کی جانب بڑھ رہاہے،سمندری طوفان اسنا کے باعث   مون سون کی تیزہوائیں مسلسل سندھ میں داخل ہورہی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ سسٹم 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسےکراچی جنوب کی جانب بڑھ رہا ہے، کراچی میں 100 سے 200 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔ماہی گیروں کو 31 اگست تک کھلےسمندرمیں جانے سےگریزکی ہدایات دی گئی ہیں۔

منچن آباد/ چھت گر گئی 

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ منچن آباد کے نواحی گاؤں سکھانند میں بارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی،چھت گرنے سے5 افراد ملبے تلے دب گئے، زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ،ملبے تلے دبنے سے دو بہن بھائی 6 سالہ محمد ارمان یوسف  اور 17 سالہ آمنہ بی بی اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے، زخمیوں میں 8 سالہ محمد رمضان ، 45 سالہ نسیم بی بی اور اور 50 سالہ محمد یوسف شامل ہیں۔

ٰخیرپور/آسمانی بجلی گرنےسے40بکریاں ہلاک

خیرپور میں  نارا کے علاقہ اچھڑو تھر میں بکریوں کے ریوڑ پر آسمانی بجلی گر گئی،آسمانی بجلی گرنے سے 40 بکریاں ہلاک ہوگئیں،واقعہ نواحی گاؤں فقیر محمد بھنبھرو میں پیش آیا۔

آزادکشمیر /شدید بارشیں،متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ

آزادکشمیر میں جاری شدید بارشوں کے نتیجہ میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ دریاؤں ، ندی ، نالوں میں پانی کے سطع غیر معمولی طور پر بلند ہو گئی ہے وادی نیلم میں دو بجلی گھروں کی بندش کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی اور فون کا نظام درہم برہم ہے۔

 بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بارش کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا جو جمعرات کے روز بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہا۔ شدید بارش کے بعد مظفرآباد سمیت شہری علاقوں میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ وادی نیلم وادی لیپہ سمیت پہاڑی علاقوں میں سردی کی ہلکی لہر دوڑ گئی ہے۔

شدید بارشوں سے سب سے ذیادہ وادی نیلم متاثر ہوا جہاں مرکزی شاہراہ مختلف مقامات سے لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے بند ہو گئی۔ وادی نیلم کے دریا اور نالوں میں شدید طغیانی ہے نالہ جاگراں میں سیلابی کیفیت کی وجہ سے جاگراں اور کنڈلشاہی میں واقع دو پاور ہاؤس کو احتیاطی تدابیر کے طور پر بند کیا گیا ہے۔

آزادکشمیر کو خیبر پختونخواہ سے ملانے والی واحد سڑک مظفرآباد کے قریب لوہار گلی کے مقام سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے، سڑک کو کھولنے کیلئے وقفے وقفے سے کام جاری ہے تاہم مسلسل لینڈ سلائڈنگ سے سڑک کھولنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انتظامیہ نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کیا جائے جبکہ عوام کو دریاؤں ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات اور سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزادکشمیر کے مطابق بارش کا سلسلہ 31 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش / پی ڈی ایم اے الرٹ

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش  کے باعث پی ڈی ایم اے نے الرٹ  جاری کردیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز  کو الرٹ رہنے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے  الرٹ رہیں۔صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا  نے کہا کہ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں ۔شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔عوام الناس کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دی۔شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

Watch Live Public News