ویب ڈیسک: ملک میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، شمالی علاقوں میں بارش اور شدید برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق وادی ہنزہ میں شاہراہ قراقرم بند ہوگئی، کوئٹہ، اسکردو، مالم جبہ، چترال اور دیر میں پارہ منفی 4 تک گر گیا جبکہ آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے، پہاڑوں پر 2 فٹ سے زائد برف گرنے کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری جاری ہے، ضلع استور میں برف باری سے نظامِ زندگی متاثر ہوگیا جبکہ خیبر پختونخوا میں بابو سرٹاپ، نانگا پربت اور بٹو گاہ میں برف باری ہوئی۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی شدید سردی کی لہر ہے، بلوچستان میں کوئٹہ، قلات، چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین اور زیارت سمیت صوبے بھر میں شدید سردی کے باعث پانی پائپوں میں جم گیا۔
کراچی میں بھی سرد ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شہر قائد میں پارہ 11 ڈگری تک گرگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، بالائی/وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر کُہرا پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں چند میدانی علاقوں میں کہرا پڑنے کی توقع ہے۔
سندھ اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔