اسلام اباد ( پبلک نیوز) وزیراعظم نے ملک میں قدرتی گیس کی تلاش کے لائسنس کا اجراء تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں گیس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ ملکی ذخائر سے طلب، رسد، شارٹ فال اور ایل این جی کی درآمد بارے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں گیس کی موجودہ طلب 4700 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔ سردیوں کے موسم میں طلب بڑھ کر 6000 سے 6500 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ جاتی ہے۔ موجودہ ملکی سپلائی 3300 ایم ایم سی ایف ڈی ہے جو ہر سال کم ہو رہی ہے۔ یہ کمی ایل این جی درآمد کر کے پوری کرنی ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا قدرتی گیس کی تلاش کے لائسنس کا اجراء تیز کیا جائے۔ یہ قدرتی گیس کا سب سے سستا ذریعہ ہے۔ سرمایہ کاروں سمیت دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی آن بورڈ لیں۔ وزیراعظم نے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طے شدہ ٹائم لائنز میں مزید تاخیر کیے بغیر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کو نئے ایل این جی ٹرمینلز، ورچوئل پائپ لائن منصوبوں کی تنصیب کے عمل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی۔