پبلک نیوز: موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس گلزار احمد کب ریٹائر ہو رہے ہیں؟ کون سے معزز جج کس تاریخ کو چیف جسٹس بنیں گے اور کس تاریخ کو ریٹائر ہوں گے؟ کون سے فاضل جج کتنے عرصے کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر رہیں گے؟ وہ کون سے 4 معزز جج صاحبان ہیں جو اس دوران ریٹائر ہوجائیں گے اور چیف جسٹس آف پاکستان نہیں بن سکیں گے؟ چیف جسٹس بننے کا Criteria یعنی اہلیت کیا ہے؟ یہ ہیں وہ سوالات جن کے جواب اس تحریر میں موجود ہیں۔ پاکستان کے آئین کے مطابق سپریم کورٹ کا سینئر ترین جج ہی چیف جسٹس آف پاکستان بنتا ہے۔ سپریم کورٹ کے ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد ہے 65 سال۔ تمام ججز 65 سال کے ہونے پر ریٹائر ہوجاتے ہیں۔ موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس گلزار احمد یکم فروری 2022 کو 65 سال کے ہونے پر ریٹائر ہو جائیں گے۔ 2 فروری 2022 کو ان کی جگہ چیف جسٹس آف پاکستان بنیں گے جسٹس عمر عطا بندیال۔ جسٹس عمر عطا بندیال ملک کے 28 ویں چیف جسٹس ہوں گے۔ وہ 591دن تک پاکستان کے چیف جسٹس رہیں گے اور 16ستمبر 2023 کو سپریم کورٹ کو خدا حافظ کہہ دیں گے۔ ان کے بعد17ستمبر2023 کو باری آئے گی جسٹس قاضی فائز عیسی ٰ کی۔ جسٹس قاضی فائز عیسی ٰ 404 روز کے لیے ملک کے 29 ویں چیف جسٹس بنیں گے۔ اگر پی ٹی آئی کی حکومت اپنی مدت پوری کرتی ہے اور الیکشنز اپنے وقت پر یعنی نومبر 2023 میں ہوتے ہیں توتب جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ہی چیف جسٹس ہوں گے۔یہ نہایت اہم بات ہے۔خیر 25اکتوبر2024کو جسٹس قاضی فائز عیسی ٰ چیف جسٹس کے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے۔ پھر26اکتوبر 2024 کو چیف جسٹس آف پاکستان بننے کا اعزاز پائیں گے جسٹس اعجاز الاحسن۔ جسٹس اعجاز الاحسن ،،مشہورِ زمانہ پانامہ کیس کے اس 5رکنی بینچ کا حصہ تھے جس نے اُس وقت کے وزیرِ اعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیا تھا۔ جسٹس اعجاز الاحسن ملک کے 30 ویں چیف جسٹس ہوں گے۔ وہ 282 دنوں کے لیے چیف جسٹس بنیں گے اور 4اگست 2025تک اس مقدس عہدے پر برقرار رہیں گے۔ آگے بڑھتے ہیں ۔جسٹس اعجاز الاحسن کے بعد اس مقدس کرسی پر 5اگست 2025 کو جسٹس منصور علی شاہ بیٹھیں گے۔ وہ 31ویں چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے۔ جسٹس منصور علی شاہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کا کیس سننے والے 3رکنی بینچ کا حصہ تھے۔ وہ 844 دن تک چیف جسٹس آف پاکستان کی کرسی پر براجمان رہیں گے۔ جسٹس منصور علی شاہ 27نومبر2027کو ریٹائر ہوکر یہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔ 28نومبر2027کو ملک کے 32 ویں چیف جسٹس کا حلف،جسٹس منیب اختر اٹھائیں گے۔ان کی مدتِ ملازمت 381دن ہوگی۔ان کی ریٹائرمنٹ 13دسمبر2028کو ہوجائے گی۔اور پھر14دسمبر2028کو جسٹس یحییٰ آفریدی سپریم کورٹ کے سربراہ بنیں گے۔ وہ 33ویں چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے۔ جسٹس یحی ٰ آفریدی 404دن چیف جسٹس رہیں گے۔ اور 22جنوری 2030 وہ تاریخ ہوگی جس کو جسٹس یحی ٰ آفریدی ریٹائرہوجائیں گے۔ اور اب بات ان ججز کی جو کبھی چیف جسٹس آف پاکستان نہیں بن سکیں گے۔ یہ ججز ہیں جسٹس مقبول باقر، جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل اور جسٹس سجاد علی شاہ ۔جسٹس مقبول باقر 4 اپریل 2022 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ جسٹس سردار طارق مسعود 10 مارچ 2024 ، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل 13 جولائی 2022 اور جسٹس سجاد علی شاہ 13 اگست 2022 کو ریٹائر ہوجائیں گے۔