(ویب ڈیسک ) الیکشن ترمیمی بل پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا ردعمل آگیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم دھرنوں یا احتجاج کی طرف نہیں گئے بلکہ پارلیمان میں رہ کر کردار ادا کرتے رہے، رولز کو اڑایا گیا بل کو غیر آئینی طریقے سے پاس کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف ممبران نے بحیثیت پارلیمانی پارٹی شرکت کی۔ پاکستان تحریک انصاف نے کل ووٹوں کا پچاس فیصد لیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کروانا لازمی ہے ،امید ہے سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر عمل کروائے گی۔ ہم سپریم کورٹ سے استدعا کرتے ہیں کہ 41 ایم این ایز نے بیان حلفی جمع کروائے، بیان حلفی کے باوجود ہمارے ایم این ایز کے خلاف ایکشن لئے جا رہے ہیں ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ 41 ممبران کے نوٹس جاری کروائے اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں باقی ایم پی ایز کے نوٹیفکیشن جاری کرے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ ہمارے ممبران کو تحفظ فراہم کرے۔