رؤف حسن 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے

رؤف حسن 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے
کیپشن: رؤف حسن 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے

ویب ڈیسک:عدالت نے رؤف حسن کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر میڈکل چیک اپ کرانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلا ت کے مطابق رؤف حسن کے خلاف دہشت گردی کے تحت درج مقدمہ کی سماعت  انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ رؤف حسن کے وکیل علی بخاری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سی ٹی ڈی نے رؤف حسن کے 5 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ رؤف حسن کو گزشتہ روز ایف آئی اے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا تھا،ہمیں یہ کلیئرنس نہیں ہورہی کہ سی ٹی ڈی نے گرفتار کب کیا ؟۔

پراسکیوٹر  نے کہا کہ رؤف حسن کو شامل تفتیش کل کرلیا گیا تھا، گرفتاری آج کی گئی ہے۔

جج طاہر عباس سپرا  نے ریمارکس دیئے کہ 30 جولائی کی ضمنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ رؤف حسن کو کچہری کے احاطہ سے ہی تفتیش میں شامل کرلیا گیا۔

وکیل علی بخاری  نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ کل ہی گرفتاری ڈال دی گئی تھی، رؤف حسن گزشتہ 8 دنوں سے ایف آئی اے کی کسٹڈی میں ہیں،دہشتگردی کی ایف آئی آر میں رؤف حسن نامزد نہیں ہیں،نامزد ملزم کے بیان پر گرفتار کیا گیا ہے،الزام لگایا گیا کہ احمد وقاص جنجوعہ کو دہشت پھیلانے کے لیے  3 لاکھ دیئے ہیں۔ 

وکیل رؤف حسن  نے کہا کہ پیسے ریکور کرنے کے لیے تو جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے 32 بندوں کے موبائل واپس کرائے تھے، رؤف حسن کے موبائل فون ،لیپ ٹاپ سب ایف آئی اے کے پاس ہیں،اسی بنیاد پر جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ کن وجوہات کو دیکھتے ہوئے آپ رؤف حسن کا جسمانی ریمانڈ لینا چاہتے ہیں۔

پراسکیوٹر  نے کہا کہ ان ناموں کی تفتیش کرنی ہے جنہوں نے بارودی مواد دیئے ہیں،ان ناموں کا پتا کرنے کے بعد ان بندوں کو پکڑنا ہے۔

عدالت نے رؤف حسن کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔عدالت نے رؤف حسن کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کرتے ہوئے رؤف حسن کا روزانہ کی بنیاد پر میڈکل چیک اپ کرانے کی ہدایت کردی۔

Watch Live Public News