ویب ڈیسک: صبح سےآسمان پر بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے،گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے لاہور میں مون سون بارشیں 3 اور 4 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کم سے کم درجہ حرارت 29سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 38سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 79فیصد جبکہ ہوا 8کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی،آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے،مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال ،جہلم، فیصل آباد،چنیوٹ، رحیم یار خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران شمال مشرقی وسطی اضلاع میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
مون سون کا ایک اور اسپیل آج برس سکتا ہے، محکمہ موسمیات نےالرٹ جاری کردیا ہے۔شہر میں صبح سویرے مطلع ابر آلود ہے،ہوا میں نمی 82 فیصد ریکارڈکیا جارہا ہے۔
پی ڈی ایم اے نےکمشنرز، ڈی سیز، واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگرمتعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات بھی جاری کر رکھی ہیں۔
مون سون بارشوں کے باعث شہر میں ڈینگی کے وار بھی تیزہوگئے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11مریض رپورٹ ہوئے۔
خیبرپختونخوا
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے،پشاور۔چترال،دیر،سوات،مالاکنڈ،شانگلہ اور کوہستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مانسہرہ،ایبٹ آباد،بونیر،باجوڑ،مہنمد،صوابی،چارسدہ اور پشاور میں بھی کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش سے گلیات،مانسہرہ،کوہستان،ملاکنڈ،دیر،سوات اور بونیر کے مقامی ندی نالوں میں بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے،موسلادھار بارش سے صوبے کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے،پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں متاثر ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بالا کوٹ میں 102,مالم جبہ 73,کاکول میں 48,دیر 55 اور چترال میں 15ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے،پشاور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسماعیل خان میں 39 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ چترال میں 26,تحت بھائی 33,تیمرگرہ 31,دیر 27 اور سیدو شریف میں 27 سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کی گئی ہے،پشاور میں زیادہ سے زیادہ 34 اور کم سے کم 24 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہے۔
خیبرپختونخوا میں دو روز کے دوران بارشوں سے اموات 19 ہوگئیں
خیبر پختونخوا میں مون سون کی طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے۔ دو روز کے دوران مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلاب نے درہ آدم خیل ، باجوڑ، چترال، دیر ، کوہستان ، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، چارسدہ، صوابی، ساوتھ وزیرستان اور ہنگو میں تباہی مچائی ۔اب تک 11 بچے، 4 خواتین اور چار مرد جاں بحق ہوئے جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 61 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 24 مکمل تباہ ہوئے ہیں ۔ کوہستان، مانسہرہ، سوات ،چترال دیر اور دیگر مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہوئیں کئی مقامات پر پل بھی بہہ گئے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ بند شاہراہوں کو کھولنے کے لئے مشینری استعمال کی جارہی ہے۔
کراچی کا موسم
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی کہیں کہیں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ شہر قائد میں کل سے اب تک ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ہوا کا کم دباؤ مغرب میں عمان کی جانب بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے شہر میں آج بھی شہر کہیں کہیں ہلکی اور معتدل شدت کی بارش ہوسکتی ہے۔
سردارسرفراز نے بتایا کہ کل ہلکی بارش اوربوندا باندی کا امکان ہے، 4 سے 6 اگست کے دوران شدت کی مون سون ہوائیں سندھ پر اثرانداز ہوسکتی ہیں، ان ہی ہواؤں کے زیر اثر کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں معطل ہونے کے باعث شہر میں حبس کی کیفیت برقرار ہے، آج شام اور رات سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی سمت سے سست رفتار میں ہوائیں چل رہی ہیں، آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد ہے اور شہر کا فضائی معیار بہتر ہے۔
دوسری جانب آج صبح سے ہی کراچی کا آسمان بادلوں سے گھرا ہوا ہے اور صبح کے وقت کھارادر، ٹاور، لیاری، صدر، ملیر، شارع فیصل اور ائیر پورٹ کے اطراف سمیت شہر کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں کل سے اب تک ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز شہر میں سب سے زیادہ بارش گڈاپ میں ہوئی، جہاں 56.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اورنگی ٹاؤن میں 35.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سرجانی ٹاون میں 28.1، نارتھ کراچی میں 27.2، گلشن معمار میں 16.7، ناظم آباد میں 15.6، پی اے ایف مسرور بیس 14، بن قاسم اور قائد آباد میں 12.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
اس کے علاوہ کیماڑی میں 10.5، شاہراہ فیصل پر 10، یونیورسٹی روڈ میں 7.6، جناح ٹرمینل 6.9، کورنگی میں 6.4 اور اولڈ ایئر پورٹ ایریا میں 5.1 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ شہر میں سب کم بارش ڈی ایچ اے میں 1.2 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔