ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف عدالتی فیصلے پر ایلون مسک کا سخت ردعمل آگیا

ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف عدالتی فیصلے پر ایلون مسک کا سخت ردعمل آگیا
کیپشن: Elon Musk had a strong reaction to the court decision against Donald Trump

ویب ڈیسک:(علی زیدی) آج امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی سابق صدر کو عدالت کی جانب سے سزا سنائی گئی ہے۔ جس کے خلاف اور حق میں بھی بہت سی اہم شخصیات ردعمل دے رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس سمیت ٹیسلا اور سٹارلنک کے مالک ایلون مسک نے بھی سزا کیخلاف سخت ردعمل دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ درحقیقت آج امریکی قانونی نظام میں عوام کے اعتماد کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اگر کسی سابق صدر کو اس طرح کے معمولی معاملے پر مجرمانہ طور پر سزا سنائی جاسکتی ہے جو کہ انصاف کی بجائے سیاست پر مبنی ہو تو پھر کسی کی بھی قسمت میں ایسی صورتحال کا خطرہ موجود ہے۔

واضح رہے کہ  ٹرمپ کو سزا کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی کرنے پر نیویارک جیوری نے سنائی، عدالتی حکم کے مطابق 11 جولائی کو ڈونلڈ ٹرمپ کی سزا کا اعلان کیا جائے گا۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز کو 1 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی سے متعلق 34 الزامات عائد کئے گئے تھے، جیوری نے تمام الزامات کو درست قرار دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام تھا کہ ان کے اسٹارمی ڈینئلز کے ساتھ جنسی تعلقات تھے اور انہیں چھپانے کیلئے 2016 کے صدارتی انتخابات کے موقع پر اسٹارمی ڈینئلز کو رقم دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت گئے تھے۔