کراچی : ملک کے پہلے وزیراعظم قائد ملت لیاقت علی خان کے بیٹے اکبر لیاقت علی گذشتہ روز انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک پاکستان کے عظیم رہنما قائد ملت لیاقت علی خان کے بیٹے اکبر لیاقت علی گذشتہ روز کراچی میں انتقال کر گئے۔اکبر لیاقت علی خان گذشتہ 2 سالوں سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور سندھ حکومت کی جانب سے ان کا علاج کروایا جارہا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پرڈپٹی کمشنرراجہ طارق نے مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی۔ ان کی نماز جنازہ آج (جمعرات) کو بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔ انہیں ڈیفنس فیز VIII کے قبرستان میں سپرد خاک کیا کر دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ اور گورنرسندھ ، شرجیل انعام میمن سمیت ایم کیو ایم کے کنوینرخالد مقبول نے اکبرلیاقت علی کے انتقال پردکھ کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی ان کی بیماری سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیا تھا ، جس کے بعد ہی انہوں نے اس وقت کے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو یہ ہدایت کی تھی کہ وہ اکبر کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کریں اور انہیں مالی امداد کی پیشکش کریں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی جولائی 2021 میں ان کی خیریت دریافت کرنے کیلئے ان کی رہائش گاہ پر گئے تھے۔ خیال رہے کہ اکبر 1941 میں دہلی میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی تھی۔ تقسیم کے بعد، وہ اپنے خاندان کے ساتھ کراچی منتقل ہو گئے تھے کیونکہ ان کے والد نئے بننے والے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم بنے تھے۔