کراچی ( پبلک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا ٗ ان کا کہنا ہے کہ فیصل وائوڈا کو جو ترقیاتی فنڈ ملا وہ سارا انہوں نے بلدیہ کے الیکشن پر لگا دیا ۔ اب یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہوں نے یہ سب غلطی سے کہا یا غلطی سے ان کے منہ سے سچ نکل گیا ۔ایک ٹی وی انٹرویو میں خرم شیر زمان نے کہا کہ جب ایک امیدوار جیتتا ہے تو عوام اس سے یہ چاہتی ہے کہ اس نے عوام کی توقعات کو پورا کرنا ہے ٗ فیصل واوڈا کی جو ذمہ داری تھی وہ تو انہوں نے پوری کی نہ ٗ انہوں نے وہاں جا کر کمپین کی ٗ الیکشن جیتے اور پھر انہیں جتنا فنڈ ملا وہ سارا فنڈ انہوں نے بلدیہ کے الیکشن کے اندر لگایا ٗ بلدیہ کے ترقیاتی کاموں پر انہوں نے وہ پیسہ لگا دیا ٗ پی ڈبلیو ڈی کی 35 کروڑ کی سکیمیں تھی اس کے اوپر انہوں نے کام کیا ٗ فیصل وائوڈا پینے کا پا نی تو فراہم نہیں کر سکتے تھے نہ ٗ پینے کا پانی فراہم کرنا تو پاکستان پیپلز پارٹی کی ذمہ داری تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ حلقہ 249 میں پی ٹی آئی کی ناکامی عدم توجہی کی وجہ سے ہے ٗ اگر وزیر اعظم نے کراچی کو لفٹ نہ کرائی ہوئی تو کراچی میں اتنے ترقیاتی کام کیسے ہوتے ٗ نو ارب نوے کروڑ روپے کے وزیر اعظم نے صرف دو سال کے اندر اپنے ایم این ایز کو ڈویلپمنٹ سکیمز کے ذریعے کام دیا ہے ٗ صرف ہمارے نہیں بلکہ ایم کیو ایم کے ایم این ایز کو بھی یہ پیسے ملے ہیں اور انہوں نے یہ کام کروائے ہیں۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ پورے پاکستان میں اگر دیکھا جائے توجتنا کراچی کے لئے وزیر اعظم صاحب نے کیا ہے اس کیلئے ہم کراچی والے بڑے مشکور ہیں ٗ لیکن الیکشن کے نتائج کو تبدیل کر دینا ٗ یہ اگر اسی طرح سے الیکشن ہونے ہیں تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک آنے والے دنوں الیکشن کمیشن میں ریفارمز نہیں آئیں گے تو یہ ہمارے لئے بہت پریشانی کی بات ہے ٗ صرف ہمارے لئے نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کیلئے پریشانی کی بات ہے۔