ویب ڈیسک: سپریم کورٹ، پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل پر محفوظ شدہ فیصلہ 30 ستمبر کو سنائےگی،رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کردی۔
گزشتہ سماعت پر سپریم کورٹ میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور چیف الیکشن کمشنر کی مشاورت کے میٹنگ منٹس پیش کئے گئے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی تھی جس میں پی ٹی آئی کے وکیل نے چیف جسٹس پر اعتراض کیا، چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ مرضی کے ججز سے فیصلےچاہتے ہیں؟۔
پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے کہا کہ ہم نے بینچ سے علیحدگی کی ایک درخواست دائر کر رکھی ہے، جس پر چیف جسٹس نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا احترام کرتے ہیں، آپ بیٹھ جائیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو عدالتی کارروائی کی آخری سماعت کا آرڈر پڑھنے دیں، آپ کو سنیں گے۔