کرکٹرکوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر آئی سی سی کا بیان سامنے آگیا

کرکٹرکوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر آئی سی سی کا بیان سامنے آگیا
بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے کے بعد آئی سی سی کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔ گذشتہ روز ویرات کوہلی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی اور کہا کہ یہ ہوٹل کراؤن پرتھ میں ان کے کمرے کی ویڈیو ہے جو انہوں نے نہیں بنائی بلکہ انہیں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ملی ہے اور یہ اس وقت بنائی گئی جب وہ کمرے میں موجود نہیں تھے۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی (اے ایف پی) کا کہنا ہے کہ کوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر آئی سی سی کی جانب سے ایک بیان میں یہ بتایا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹر کی پرائیوسی کی خلاف ورزی مایوس کن ہے۔ بیان کے مطابق ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں تما ہوٹلز اور سکیورٹی فراہم کرنے والوں کے ساتھ کام کررہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ایونٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کی پرائیویسی کا مکمل احترام کیا جائے۔ دوسری جانب کوہلی کی نشاندہی پر ہوٹل انتظامیہ کی سکیورٹی پر سوال بھی اٹھایا گیا تھا تاہم انہوں نے اپنا مؤقف جاری کردیا ہے۔
ہوٹل کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق ویرات کوہلی کے کمرے کے اندر کی ویڈیو بنانے اور اسے سوشل میڈیا پر ڈالنے والے افراد کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ نے ویرات کوہلی کی اجازت کے بغیر ان کے کمرے میں داخل ہونے کے معاملے پر ان سے معذرت بھی کی ہے اور یہ وعدہ کیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ ایسا واقعہ رونما نہیں ہو۔ انتظامیہ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے کمرے کی اوریجنل ویڈیو بھی فوری طور پر ڈیلیٹ کردی گئی تھی جب کہ ہم اس حوالے سے بھارتی کرکٹ ٹیم اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ ان سے بھی معذرت کی جاسکے اور تحقیقات سے انہیں بھی آگاہ رکھا جاسکے۔ واضح رہے کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم اب پرتھ سے ایڈیلیڈ جا چکی ہے ، جہاں وہ اپنا اگلا میچ بنگلادیش کیخلاف کھلیں گیئں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔