اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ،میٹروسروس بھی بند

اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ،میٹروسروس بھی بند
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امن و امان کی ممکنہ خراب صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیاہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی ممکنہ خراب صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلے کیے ہیں ۔ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں دو یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے،اس کے علاوہ اسلام آباد میں 2 دن کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق میٹرو سروس کو بھی فوری طور پر بند کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ووٹنگ والے دن کسی کو بھی ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ کسی کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ ریڈ زون داخلہ کیلئے صرف مارگلہ روڈ کا راستہ استعمال کیا جا سکے گا جبکہ ریڈ زون جانے والے تمام راستوں پر کنٹینرز نصب کئے جائیں گے۔ پولیس کے مطابق ووٹنگ والے دن دو مختلف شفٹوں میں مجموعی طور پر 8 ہزار اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے۔ تین ہزار اہلکار پنجاب پولیس اور ایک ہزار ایف سی پہلے سے اسلام آباد میں موجود ہیں۔اس کے علاوہ سیکیورٹی انتظامات میں رینجرز کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔