بارہویں فیل فلم کے اداکار وکرانت میسی کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

بارہویں فیل فلم کے اداکار وکرانت میسی کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
کیپشن: بارہویں فیل فلم کے اداکار وکرانت میسی کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکار وکرانت میسی نے اپنے ایک انسٹا گرام پوسٹ سے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ اپنے اس پوسٹ میں وکرانت نے اداکاری سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا ہے۔ 

صرف 37 سال کی عمر میں اداکاری کو الوداع کہنے کے وکرانت میسی کے اعلان سے ان کے مداحوں میں زبردست حیرانی ہے۔ ' بارہویں فیل' اور 'سیکٹر 36' جیسی فلموں میں بہترین اداکاری کا نمونہ پیش کرنے والے وکرانت میسی آخری بار 'دی سابرمتی رپورٹ' میں نظر آئے تھے۔

وکرانت میسی نے پیر کو صبح اعلان کیا کہ وہ 2025 کے بعد اداکاری کو الوداع کہہ دیں گے۔ انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے اپنے ایک نوٹ میں انہوں نے لکھا "گزشتہ کچھ سال اور اس سے پہلے کا وقت شاندار رہا، میں آپ سبھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ میری حمایت کی۔ لیکن جیسے ہی میں آگے بڑھا تو مجھے احساس ہوا کہ ایک شوہر، والد، بیٹے اور ایک اداکار کے طور پر بھی اب خود کو دوبارہ سیدھی راہ پر کرنے اور گھر لوٹنے کا وقت آ گیا ہے۔"

رپورٹس کے مطابق وکرانت فی الحال دو فلموں 'یار جگری' اور 'آنکھوں کی گستاخیاں' پر کام کر رہے ہیں۔ ان فلموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکار نے لکھا "2025 میں ہم ایک آخری بار ملیں گے، پچھلی دو فلموں اور کئی سالوں کی یادوں کے لیے ایک بار پھر شکریہ۔"

وکرانت کے اس اعلان نے ان کے مداحوں کو چونکا دیا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایک مداح نے لکھا "آپ ایسا کیوں کر رہے ہیں؟ آپ کے جیسے اداکار بہت کم ہیں۔ ہمیں اچھے سنیما کی ضرورت ہے۔"۔ 

ایک دیگر نے کہا ''اچانک؟ سب ٹھیک ہے نہ؟ یہ فینز کے لیے بہت چونکانے والی خبر ہے۔ ہم آپ کی اداکاری اور فلموں کو بہت پسند کرتے ہیں۔" 

کئی فینز نے وکرانت سے اس فیصلے پر پھر سے غور کرنے کی گزارش کی ہے۔ وہیں کچھ لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ کہیں یہ کسی فلم یا برانڈ پروموشن کے لیے پبلسٹی اسٹنٹ تو نہیں ہے۔

Watch Live Public News