ویب ڈیسک: ہالی ووڈ میں کئی چائلڈ ایکٹر آئے اور بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا، کچھ بڑے ہو کر پردے سے غائب ہوگئے تو کچھ نے فلمی میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے، آئین آرمیٹیج جو سِٹ کام ینگ شیلڈن میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے مشہور ہیں، 2024 میں دنیا کے سب سے زیادہ دولت مند چائلڈ ایکٹر ہیں۔
16 سالہ آئین کی دولت 6 ملین ڈالر ہے، وہ دیگر مشہور چائلڈ ایکٹرز، مثلاً ماڈرن فیملی کی شہرت رکھنے والی آبری اینڈرسن ایمنز اور کینیڈین اداکار جیکب ٹریمبلی سے بہت آگے ہیں،2008 میں جارجیا امریکہ میں پیدا ہونے والے آئین آرمیٹیج نے اپنی شہرت کا آغاز یوٹیوب سیریز Iain Loves Theatre کے ذریعے کیا۔
2014 میں شروع کی گئی اس سیریز میں 6 سالہ آئین میوزیکل تھیٹر شوز میں بطور چائلڈ ایکٹر آئے، یہ سیریز وائرل ہوئی اور ٹیلنٹ ایجنٹس کی توجہ حاصل کی، اگلے سال انہوں نے دی پیریز ہلٹن شو میں شرکت کی۔
آئین نے 2017 میں اداکاری کا آغاز کیا اور اسی سال 3 فلموں ’دی گلاس کیسل‘، آور ’سولز ایٹ نائٹ‘، اور ’آئم ناٹ ہیئر‘ کے علاوہ ٹی وی شوز 'لا اینڈ آرڈر: اسپیشل وکٹمز یونٹ' اور 'بگ لٹل لائز' میں کام کیا۔
اسی سال انہیں 'ینگ شیلڈن' کے مرکزی کردار کے لیے منتخب کیا گیا، 9 سال کی عمر میں وہ پرائم ٹائم ٹی وی شو کے سب سے کم عمر لیڈ اداکار بن گئے،آئین نے 'ینگ شیلڈن' کے پہلے سیزن میں فی قسط 30,000 ڈالر کمائے، جس سے انہیں پہلے سیزن کے لیے 6 لاکھ 60 ہزار ڈالرز حاصل ہوئے۔
پانچویں سیزن تک وہ فی سیزن 1.1 ملین ڈالر کما رہے تھے، جس کی بدولت وہ 13 سال کی عمر میں دنیا کے سب سے کم عمر کروڑ پتی بن گئے،سیریز 'ینگ شیلڈن' کا اختتام 7 سیزنز کے بعد رواں سال ہوا، 'ینگ شیلڈن' میں شہرت پانے کے بعد آئین نے 2 فلموں 'اسکوب' اور 'پا پٹرول: دی مووی' میں کام کیا۔