ویب ڈیسک: بالی وڈ سپر سٹار عامر خان اور معروف برطانوی اداکارہ ایملی بلنٹ کو جدہ میں 5 سے 14 دسمبر تک منعقد ہونے والے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے چوتھے ایڈیشن کے افتتاحی روز ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ ’عامر خان کو انڈین سینما کی معروف فلموں ’دنگل‘ اور ’ گجنی‘ کے حوالے سے منفرد اداکار کے طور پر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔‘
ہالی وڈ کی فلم ’اے کوائٹ پلیس’ اور ’اوپین ہیئمر‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری پر ایملی بلنٹ کی آسکر کے لیے نامزدگی ہوئی ہے۔
ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے منتظمین کے مطابق دونوں اداکاروں کو فلم انڈسٹری میں ان کی غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں ریڈ سی اعزازی ایوارڈ دیا جائے گا۔
دونوں اداکار فیسٹیول میں اداکاروں سے گفتگو کی سیریز کا بھی حصہ ہوں گے، جس میں معروف فلمی شخصیات اپنی زندگی اور فلم سازی کے فن کے بارے میں بات کریں گی۔
رواں سال کی سیریز میں دیگر شریک فلمی شخصیات میں امریکی اداکارہ ایوا لونگوریا، امریکی اداکار اینڈریو گارفیلڈ اور انڈین ایکٹر رنبیر کپور شامل ہیں۔
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن جمانا الراشد نے ایوارڈ کے لیے نامزد دونوں کی اداکاری پر کہا ہے کہ ’ عامرخان اور ایملی بلنٹ کی غیرمعمولی کارکردگی اور سینما کے لیے ان کی خدمات کو بھرپور طریقے سے سراہتے ہیں۔‘