لاہور ( پبلک نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کا وکلاءو سائلین کے لئے انقلابی اقدام، تحصیل و ضلع کی سطح پر عدالتی سہولت مراکز قائم کرنے کا حکم۔
تفیصلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان نے صوبہ بھر میں سائلین و وکلاءکے لئے سہولت مراکز قائم کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پر سہولت مراکز تحصیل وضلعی ہیڈ کوارٹرز کی سطح پرفوراََ قائم کئے جائیں گے۔
سہولت مراکز کے قیام کا مقصد وکلاءو شہریوں کوباآسان، موثر اور کرپشن سے پاک خدمات کی فراہمی ہے۔ سائلین و وکلاءسہولت مراکز سے ایف آئی آرز کی مصدقہ نقول حاصل کر سکیں گے۔ سہولت مراکز سے میڈیکو لیگل سرٹیفیکیٹ کی مصدقہ نقول، جیلوں میں قید ملزمان کے دستخط شدہ وکالت نامے بھی حاصل کئے جا سکیں گے۔
وکلاءو سائلین سہولت مراکز سے عدالتی مقدمات کے سٹیٹس سے متعلق تمام معلومات بھی حاصل کر سکیں گے۔ سہولت مراکز پر عدالتی سٹاف کے ساتھ ساتھ پولیس، ہسپتال اور جیل کے فوکل پرسنز بھی تعینات ہوں گے۔ صوبہ بھر کی تحصیلوں اور اضلاع میں قائم سہولت مراکز کو عدلیہ ، پولیس، ہسپتالوں اور جیلوں کے آن لائن سسٹمز کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کے حکم کے مطابق ہر ضلع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج متعلقہ اداروں اور تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ روابط قائم کریں گے۔ سہولت مراکز پر ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔