اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم ہاؤس میں دیئے گئے ظہرانے میں اراکین قومی اسمبلی کی مٹن قورمہ، مرغا اور دال ماش سے تواضع کی گئی جبکہ میٹھے میں کھیر پیش کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ارکان اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ سینیٹ الیکشن سے ایک روز قبل وزیر اعظم ہاوس میں دیئے گئے ظہرانے میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ ظہرانے کے شرکاء کی مٹن قورمہ، مرغا اور دال ماش سے تواضع کی گئی جبکہ میٹھے میں کھیر بھی پیش کی گئی۔ اس دوران ارکان قومی اسمبلی نے کھانے کے مینیو پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے سرگوشیاں کیں کہ وزیراعظم ہاؤس میں اس سے اچھا کھانا کم ہی میسر آیا۔
رکن قومی اسمبلی کنول شوزب نے تمام ارکان کو ووٹنگ کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔ ظہرانے کی تقریب ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں وزیراعظم انتہائی خوشگوار موڈ میں نظر آئے۔ اس دوران وزیراعظم، سینیٹ امیدوار عبدالحفیط شیخ اور فوزیہ ارشد نے خطاب بھی کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چوروں کے ساتھ مقابلہ ہے، جیت ہماری ہی ہو گی، سینیٹ میں کم نمائندگی کی وجہ سے ہماری مؤثر آواز نہیں تھی، ہمارے سینیٹرز آئیں گے تو آواز بھی ہو گی اور قانون سازی بھی، محض کرپشن کی وجہ سے اپوزیشن سے ہاتھ نہیں ملایا۔
انہوں نے کہا آپ بتائیں کرپٹ لوگوں سے کیسے این آر او کر لوں ،جوڈیشری کو بھی علم ہے کہ ووٹ چوری ہوتے ہیں، میں نے پوری کوشش تھی کہ سینیٹ انتخابات میں شفافیت لائی جائے، ہم ہر بحران میں سرخرو ہوئے ہیں، قرضوں میں جکڑا ملک ملا، معاشی بحران کی وجہ ہی یہ تھی، کہتے تھے ڈالر ڈھائی سو تک پہنچ جائے گا، ہم نے روپے کی قدر کو مستحکم کیا۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اگلے ڈھائی سال جم کر حکومت کریں گے، اگلا ٹارگٹ عوام کے مسائل ہیں۔
اس موقع پر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ میری جیت عمران خان کی جیت ہو گی، اپوزیشن نے عمران خان کے خلاف آوازیں اٹھائیں، جو غلط ثابت ہوئیں، اللہ عمران خان کو سرخرو کرے گا، عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف اور اتحادی پہلے سے بھی مضبوط ہیں۔