سپریم کورٹ نے عام انتخابات سے متعلق کیس کی آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا

سپریم کورٹ نے عام انتخابات سے متعلق کیس کی آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے عام انتخابات سے متعلق کیس کی آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔ تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حلقہ بندیوں کا عمل چل رہا ہے، الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حلقہ بندیوں کا عمل 30 نومبر کو مکمل ہوگا، حتمی حلقہ بندیوں کی اشاعت 5 دسمبر کو ہوگی۔ تحریری حکمنامے کے مطابق حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا، الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی پروگرام 29 جنوری کو جاری کیا جائے گا۔ تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عوامی شمولیت بڑھانے کیلئے عام انتخابات اتوار کو کرائے جائیں گے، الیکشن کمیشن کے مطابق ٹائم فریم کے مطابق پہلا اتوار 4 فروری کو بنتا ہے، سیاسی جماعتوں کو اپنا منشور عوام تک پہنچانے کیلئے الیکشن کمیشن نے 11 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ تجویز کی۔ حکمنامے کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان صدر مملکت سے آج ہی ملاقات کرے، الیکشن کمیشن آج ہی صدر مملکت سے ملاقات کر کے عام انتخابات کی تاریخ دے، اٹارنی جنرل صدر مملکت سے الیکشن کمیشن کی ملاقات کا انتظام کریں، اٹارنی جنرل اس عدالت کا 23 اکتوبر کا حکمنامہ صدر کو دیں اور معاونت کریں۔ سپریم کورٹ نے حکمنامے میں کہا کہ امید کرتے ہیں کہ انتخابات کی تاریخ کا معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا جائے گا، انتخابات کی تاریخ کا تعین کر کے عدالت کو کل 3 نومبر کو آگاہ کیا جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔