ویب ڈیسک: ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے باعث گاڑیوں کی برآمد شروع ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک سوزوکی نے ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے باعث بنگلہ دیش اور افغانستان کو گاڑیاں برآمد کرنا شروع کر دی ہیں۔ کمپنی کے سی ای او ''ہیروشی کاوامورا'' نے ''سوزوکی وینڈر کلسٹر ایریا'' کے افتتاح موقع پراعلان کیا کہ کمپنی نے بنگلہ دیش اور افغانستان کو گاڑیاں برآمد کرنا شروع کر دی ہیں۔ ''سوزوکی وینڈر کلسٹر ایریا'' کا افتتاح وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کیا، انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او خدا بخش اور سیکرٹری انڈسٹریز سیف انجم بھی تقریب کا حصہ تھے۔
پاک سوزوکی کے سی ای او ''ہیروشی کاوامورا'' نے کہا کہ پاک سوزوکی 1997ء سے جاپان کو گاڑیاں اور آٹو پارٹس برآمد کر رہی ہے، جن میں سافٹ ویئر اور موٹر سائیکل کے سپیئر پارٹس شامل ہیں اور یہ اقدام بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی ساختہ گاڑیوں کے معیار اور مسابقت کو ظاہر کرے گا۔
وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پاک سوزوکی کے مقامی سپلائرز کے نیٹ ورک کو وسعت دینا، مقامی سپلائی چین مینجمنٹ کے ذریعے کارکردگی کو بڑھانا اور اخراجات کو کم کرنا ہے۔
کمپنی نے پاکستان میں اپنی 2.5 ملین گاڑیوں کی پیداوار کا جشن بھی منایا اور اس سنگ میل کا سہرا انہوں نے ملازمین کی لگن، ایس آئی ایف سی کاوشو اور سازگار حکومتی پالیسیوں اور کسٹمر کے اعتماد سے منسوب کیا، تقریب میں موجود سرکاری حکام نے پاکستان کے آٹو موٹیو سیکٹر میں پاک سوزوکی کے تعاون کو بھی سراہا۔
انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او خدا بخش نے گاڑیوں کے تقریباً 70 فیصد پرزہ جات کو مقامی بنانے میں کمپنی کی کامیابی پر روشنی ڈالی۔ سیکرٹری انڈسٹریز، سیف انجم نے پاک سوزوکی کی سالانہ 160,000 گاڑیوں کی پیداواری صلاحیت اور اس کی مصنوعات کو سراہا۔
ایس آئی ایف سی نے پالیسی کی صف بندی اور برآمدی فروغ کے ذریعے آٹو موٹیو انڈسٹری کیساتھ تعاون کرنے کے اپنے عزم ''محفوظ اور مضبوط پاکستان'' کا اعادہ کیا۔