ویب ڈیسک: لاہور میں کم عمر بچے پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔ سبزہ زار کے علاقہ میں جلاد دکاندار نے 9 سالہ بچے کو چوری کا الزام لگا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ بچے کو برہنہ کر کے اس کا منہ بھی کالا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں جلاد دکاندار انسانیت بھول گیا۔ 9 سالہ بچے پر چوری کا الزام لگایا اور نہ صرف بدترین تشدد کیا بلکہ اپنی ہی عدالت بھی لگالی۔
دکاندار نے نہ پولیس بلائی اور نہ ہی کوئی تحقیق کی بلکہ بچے کا منہ کالاکیا۔ جب اس سے بھی دل نہ بھرا تو اسے برہنہ بھی کردیا۔ دکاندار کی شناخت یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔ معصوم بچہ روتا، بلکتا رہا، قریب گزرنے والے شہریوں کو بھی رحم نہ آیا۔ بچہ گھر سے سامان لینے نکلا تھا،دکان مالک تشدد کرتا رہا۔
معصوم بچے کے منہ کالا کرنے اور برہنہ کرنے کی تصاویر پبلک نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔ تصاویر میں بچہ کے منہ پر کالک ملی دیکھی جا سکتی ہے۔ نو سالہ بچے کو بازار میں برہنہ کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس نے جلاد صفت دکاندار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔