کراچی(پبلک نیوز) سینٹ انتخابات کے موقع پر سندھ اسمبلی میں متوقع کشیدگی اور گزشتہ روز ہونیوالی ہنگا مہ آرائی کے بعد سخت سکیورٹی ٗ کمانڈوز نے اسمبلی کی عمارت میں گھیرے میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی گزشتہ روز مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتی رہی اور اراکین نے ایک دوسرے کو زدو کوب کرنے سے بھی گریز نہ کیا۔اسی سلسلہ میں سندھ اسمبلی میں ووٹنگ کے موقع پرکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔کمانڈوز سمیت 600 اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں ٗ پولیس کمانڈوز نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ سندھ اسمبلی جانیوالے راستے عام ٹریفک کے لیئے بندکر دئیے ہیں جبکہ اسمبلی کے اطراف کی عمارتوں پر پولیس کے ماہر نشانے باز تعینات ہیں۔پولیس کے ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کے علاوہ لیڈی اہلکار بھی متعین ہیں۔پولیس کی بکتر بندگاڑیاں، قیدیوں کی پریذن وین اور پانی کی توپ والی گاڑی بھی موجود ہیں۔ سندھ اسمبلی آنے والی گاڑیوں کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔