بابراعظم اور محمد نبی نے کراچی کنگز کو کامیابی دلادی

بابراعظم اور محمد نبی نے کراچی کنگز کو کامیابی دلادی

کراچی (پبک نیوز) صوبائی دارالحکومت میں جاری ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 189 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق 35 گیندوں پر 67 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے پر کراچی کنگز کے محمد نبی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے ان فارم اوپنر شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹے تو ان کا ٹاپ آرڈر لڑکھڑا گیا اور صرف 43 اسکور پر اس کی ابتدائی تین وکٹیں گرچکی تھیں جو کلارک 17 اور کولن انگرام 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر بابراعظم نے ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ محمد نبی کے ہمراہ دباؤ کو پس پشت ڈال کرذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف کا تعاقب شروع کردیا۔ دونوں بلے بازوں نے متعدد مرتبہ گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچا کر میچ میں زبردست واپسی کی۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 118 رنز کی عمدہ شراکت قائم کرکےکراچی کنگز کی پوزیشن مستحکم کردی۔

محمد نبی 35 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 67 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں ثاقب محمود نے آؤٹ کیا۔دوسری طرف اوپنر بابراعظم نے 45 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔ آسٹریلوی آلراؤنڈر ڈین کرسچن 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز نے 189 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پشاور زلمی کے ثاقب محمود نے 2 جبکہ محمد عرفان اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ6 کے 13 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ نگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی کے ابتدائی تین کھلاڑی صرف 34 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ کامران اکمل 17 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انہیں کراچی کنگز کی جانب سےایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنا ڈبییو کرنے والے عباس آفریدی نے آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کے ٹام کوہلر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، وہ 10 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے۔ تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک صرف ایک رن بنا کر محمد الیاس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ پاور پلے میں ہی اپنی تین وکٹوں کھونے کی وجہ سے پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار ہوگئی اورنوجوان بیٹسمین حیدر علی بھی 9 رنز بنا کرچلتے بنے۔

پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان 188 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کے محمد الیاس اور عباس آفریدی نے 2،2 جبکہ ڈین کرسچن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔