الیکشن کمیشن آف پاکستان میں انتخابی نشان سے متعلق کیس کی سماعت میں درخواست گزار ن لیگ کا کہنا تھا کہ ریچھ، بکری، ہرن، گائے سمیت 4 انتخابی نشان شیر کے نشان سے مماثلت رکھتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی چار انتخابی نشان تبدیل کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والی سماعت میں درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہرن ، بکری ، ریچھ اور گائے سمیت چار انتخابی نشان شیر کے نشان سے مماثلت رکھتے ہیں ۔ ہمارے ووٹرز کو الیکشن کے دن مشکلات کا سامنا ہوگا ۔ ن لیگی درخواست گزار کی جانب سے کمیشن کو استدعا کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ چاروں نشان، انتخابی نشانات کی فہرست سے نکالے جائیں ۔ تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مسلم لیگ ن کی استدعا مسترد کردی گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن کا اپنے ریمارکس میں یہ کہنا تھا کہ چاروں انتخابی نشانات فہرست سے نہیں نکالے جا رہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کے انتخابی نشانات پر اعتراضات جائز نہیں ہیں ۔ الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا تھا کہ چاروں جانور نظر آنے میں واضح طور پر مختلف ہی ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ نواز (ن) کے اعتراضات نامناسب سمجھتے ہوئے مسترد کردیئے ہیں ۔