معطلیوں،تبادلوں کا معاملہ، کسٹم سروس افسران نے قرارداد پیش کردی

معطلیوں،تبادلوں کا معاملہ، کسٹم سروس افسران نے قرارداد پیش کردی
کیپشن: In the matter of suspensions, transfers, customs service officers submitted a resolution

ویب ڈیسک: ایف بی آر کے افسران کی معطلیوں اور تبادلوں کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ایف بی آر کے کسٹم سروس کے افسران کی متفقہ قرارداد سامنے آگئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق قرارداد ایسوسی ایشن آف کسٹم آفیسرز کی ایگزیکٹو کمیٹی کو جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ افسران کے اجتماعی مفادات اور ساکھ کی حفاظت کی ذمہ داری ایسوسی ایشن کی ہے۔ تمام سرکاری ملازمین سول سرونٹس ایکٹ کے تحت تحفظ کے حقدار ہیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف بی آر افسران کی پروفائلنگ غیرمناسب عمل سے کی گئی ہے۔ حالیہ پروفائلنگ من مانی اور غیر شفاف طریقے سے کی گئی۔ ایف بی آر اور ان کے افسران دونوں کی ساکھ کو داغدار کیا جا رہا ہے۔ افسران کے مورال کو نقصان پہنچانے کے لیے میڈیا ٹرائل کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ موجودہ معاشی صورتحال میں افسران کے حوصلے بلند ہونا ضروری ہیں۔ موجودہ حالات متقاضی ہیں کہ افسران محصولات کے اہداف کو پورا کرنے پر توجہ دیں۔

قرارداد  میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایف بی آر سے موجودہ پروفائلنگ کی تفصیلی معلومات حاصل کی جائیں۔ پروفائلنگ کے لیے استعمال ہونے والی بنیاد یا ثبوت بھی حاصل کیے جائیں۔ چیئرمین ایف بی آر پر قانون کے مطابق ذمہ داریاں ادا کرنے پر زور دیں۔

Watch Live Public News