ابوظہبی: قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 ء میں نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم 2007ء ، 2009ء ، 2010ء اور 2012ء میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے سیمی فائنل کھیل چکی ہے۔ کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی عمدہ بلے بازی کی بدولت پاکستان نے نمیبیا کو شکست دی۔ یہ پاکستان کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء میں مسلسل چوتھی کامیابی تھی۔ قومی ٹیم نے ناصرف یہ میچ جیتا بلکہ سیمی فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔ ابوظبی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نمیبیا کے گیند بازوں نے شروعات میں بہت اچھی بائولنگ کی اور پاکستانی اوپنرز کو کھل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔ حتیٰ کہ ابتدائی 10 اوورز اسی طرح گزر گئے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا اور ایک بار پھر سنچری کی شراکت قائم کی اور 113 کا آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد کپتان بابر اعظم پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 49 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اپنی جارحانہ بلے بازی کیلئے مشہور فخر زمان میدان میں آئے لیکن زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف پانچ رنز بنا کر اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ https://twitter.com/TheRealPCB/status/1455590805805096961?s=20 وکٹ کی دوسری جانب محمد رضوان جم کر کھیلے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ انہوں نے 50 گیندیں کھیل کر 79 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 4 چھکے بھی شامل تھے۔ ان کا محمد حفیظ نے بھی بھرپور ساتھ دیا اور 5 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ اس بڑے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم میدان میں اتری لیکن کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔ نمیبیا کی جانب سے کریگ ولیمز اور ڈیوڈ وائس نے بہترین کھیل پیش کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 40 اور 43 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ نمیبیا کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور یوں پوری ٹیم پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 144 رنز بنا سکی۔ پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کے اس میچ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔