ویب ڈیسک: (علی زیدی) یونیورسٹی میں داخلے کیلئے ہم نے میرٹ سمیت کئی ایسی شرط سن رکھی ہیں۔ جن کا تعلق امیدوار کی اہلیت اور تعلیمی قابلیت سے ہوتا ہے۔ تاہم کبھی آپ نے سنا ہے کہ داخلے کیلئے قد بھی لمبا ہونا چاہیے؟
اگر آپ کا جواب نہیں میں ہے تو آپ کو یہ جان کر خوشگوار حیرت ہوگی کہ ایک یونیورسٹی ایسی ہے جس نے حال ہی میں داخلے کیلئے لمبے قد کی شرط بھی عائد کی ہے۔ اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی حیرت میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
ویت نام نیشنل یونیورسٹی کا اسکول آف مینجمنٹ اینڈ بزنس سمجھتا ہے کہ کامیابی اور اونچے قد میں براہِ راست تعلق ہے لہٰذا اب ان لوگوں کو اس تعلیمی ادارے میں داخلہ نہیں ملے گا جن کے قد چھوٹے ہیں۔
اس تعلیمی ادارے کی جانب سے باقاعدہ طور پر اعلان کیا گیا ہے کہ داخلے کے لیے طالبہ کا قد کم از کم 5 فٹ 2 انچ جبکہ طالبعلم کا قد 5 فٹ 5 انچ ہونا چاہیے۔
تاہم ادارے نے نرم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ کچھ معاملات میں قد کی اس حد میں نرمی دی جاسکتی ہے۔
ویت نام کے آن لائن نیوز پلیٹ فارم پر داخلے کے لیے لمبے قد کی شرائط کی یہ خبر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بحث چھڑ گئی۔
چنانچہ وزارت تعلیم نے یونیورسٹی کو ان معیارات کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی، جس کی بعد اب ادارہ اپنے داخلے کے معیارات میں ردوبدل کرے گا۔
قد لمبا ہونے کی شرط کو چار انڈرگریجوایٹ پروگراموں میں سے تین کے لیے ہٹا دیا گیا تھا لیکن مینجمنٹ اور سیکیورٹی کورس کے لیے اب بھی یہ نافذالعمل ہے۔
ادارے نے قد کا معیار مقرر کرنے کا دفاع یہ کہتے ہوئے کیا کہ اس کا ہدف مستقبل کے لیڈروں اور غیر معمولی مینیجرز کو پبلک اور پرائیویٹ دونوں شعبوں کے لیے تعلیم دینا ہے۔
ساتھ ہی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جسم کا مناسب ہونا تکنیکی مہارتوں سے بالاتر ہےجس میں لمبا قد خاص طور پر قیادت اور خود اعتمادی کے لیے ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔