ویب ڈیسک: (محمدساجد) سلیفی کا جنون آپ کی جان بھی لے سکتا ہے، سوشل میڈیا پر ایسی متعدد ویڈیوز موجود ہیں جن میں لڑکے، لڑکیاں اور بچے سیلفی بناتے ہوئے اپنی جان گنوا بیٹھے،سوشل میڈیا پر ان واقعات سے ملتی جلتی ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی ہےجس میں خاتون 100 فٹ گہری کھائی میں گرگئی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر آئے روز خوفناک حادثات کی ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں جن کا تصور نہیں کیا جاسکتا کہ ایسے ہولناک حادثات بھی پیش آسکتے ہیں،موبائل سے سیلفی لیتے ہوئے حادثے کا شکار ہونے والوں کی بھی کافی ویڈیوز ہیں، ایک نئی ویڈیو منظرعام پر آئی جس میں خاتون سیلفی بنانے کے لئے 100 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔
واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ستارا میں پیش آیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موت کے منہ سے واپس آنے والی خاتون خوف کے مارے چیخ رہی ہے اور اپنے شوہر کو پکار رہی ہے جو کہ اوپر پہاڑی پر موجود ہے۔
خاتون کےساتھ خوفناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ ستارا میں آبشار کے ساتھ سیلفی لینے گئی، بارش ہونے کےباعث پاوں پھسلااور وہ 100 فٹ گہری کھائی میں جا گری، خاتون کے نیچے گرتے ہی وہاں موجود لوگ فوری مدد کے لئے پہنچے جنہوں نے ہوم گارڈز کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور خاتون کو بچایا ، بعد میں خاتون کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد دی گئی، ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر شیئر گئی ہے۔